نوشکی(یو این اے ) نوشکی کے علاقے غریب آباد میں آج صبح فجر کے وقت ایک افسوسناک واقعے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شہری حاجی کریم شاہ ولد نور محمد جاں بحق ہو گئے۔ مقتول کی عمر تقریبا 55 تا 60 سال تھی، اور وہ نماز فجر کی ادائیگی کے لیے گھر سے مسجد جا رہے تھے۔عینی شاہدین اور ذرائع کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور جدید خودکار 9 ایم ایم پستول سے مسلح تھے۔ حاجی کریم شاہ کو پانچ گولیاں لگیں، جن کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ نوشکی پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقامی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
نوشکی میں فائرنگ سے شہری جاں بحق

