کوئٹہ(یو این اے )گورنر بلوچستان و چانسلر جامعہ بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ہر سرکاری یونیورسٹی کو روایتی کردار سے نکل کر جدید ریسرچ مراکز میں تبدیل ہونا ہوگا، جہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ بلوچستان کے گیارہویں سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان نے تمام وائس چانسلرز کو ہدایت دی کہ وہ ایک واضح تحقیقاتی ایجنڈا مرتب کریں، ریسرچ کے لیے باقاعدہ فنڈ مختص کریں اور اس کی رپورٹ چانسلر آفس کو جمع کرائیں تاکہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں تحقیق پر مبنی جدید علم کی راہ ہموار ہو سکے۔انہوں نے جامعہ بلوچستان کے بعض ڈیپارٹمنٹس، خاص طور پر زبانوں کے شعبہ جات میں اساتذہ کی تعداد طلبا سے زیادہ ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال تنقید کا باعث اور مالی بوجھ بن رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس کے حل کیلئے ایسا پائیدار منصوبہ بنایا جائے جو غیر ضروری اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں کی ترویج کا بھی ضامن ہو۔گورنر نے ایم فل کی لازمی شرط پر بھی نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی مخصوص تعلیمی صورتحال کے پیش نظر 5 سے 10 سال کے لیے نرمی برتی جائے تاکہ مقامی سطح پر تعلیمی ترقی ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں جسٹس اقبال احمد کاسی، وزیر تعلیم راحیلہ درانی، وائس چانسلر ڈاکٹر ظہورِ بازئی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن صالح بلوچ، ڈاکٹر خالد حفیظ (ایچ ای سی)، اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی اور اہم سفارشات کی روشنی میں کئی فیصلے کیے گئے۔
سرکاری یونیورسٹی کو روایتی کردار سے نکل کر جدید ریسرچ مراکز میں تبدیل ہونا ہوگا، گورنر بلوچستان

