خاران(ڈیلی گرین گوادر) لیویز فورس خاران نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے دو افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا جبکہ اغوا کاروں کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 10 جون 2025 کو سہ پہر تین بجے خاران لیویز تھانے کو اطلاع ملی کہ احمد علی اور محمد اسلام، ساکنان نوروزقلات، کو پکنک کے دوران نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالحمید کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس نے ایس ایچ او رسالدار عبدالباقی سیاپاد کی قیادت میں ناکہ جات پر چھاپے مارے۔کارروائی میں لائن محرر یوسف فقیر، ناکہ نوروزقلات انچارج عبدالمجید، گردینہ انچارج نصیر احمد اور لیویز اہلکار عبدالفتح، سعادت علی، اللہ داد شاہ، شعیب احمد، نعیم بلوچ، عطا الرحمن و دیگر نے حصہ لیا۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اغوا کار مغویوں کو چھوڑ کر پہاڑی علاقوں کی جانب فرار ہو گئے۔لیویز فورس نے مغوی احمد علی اور محمد اسلام کو بحفاظت بازیاب کرایا، جبکہ اغوا کاروں کے دو سہولت کار منیر احمد اور محمد قاسم پسران غوث کو گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خاران میں لیویز کی کارروائی، دو مغوی بازیاب، دو سہولت کار گرفتار

