تربت (ڈیلی گرین گوادر) گورنمنٹ بوائز ہائی سیکنڈری سکول کلاتک میں منعقد عوامی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر رند نے کہا ہے کہ بلوچستان ملک کی واحد اسمبلی ہے جہاں اپوزیشن بھی حکومت کی حمایتی ہے، حکومت کے اراکین کو جو مراعات دی جاتی ہیں وہی مراعات اپوزیشن کو بھی حاصل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا وڑن عوامی خدمت اور عوامی مسائل کا حل ہے، اسی مقصد کے تحت ہم اپنے حلقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب ترقیاتی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کلاتک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر اصغر رند نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ کلاتک کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں ہوم سولر سسٹم کی فراہمی اور لنک روڈز کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاتک کے دیگر مسائل بھی مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ڈھائی سالہ دور میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مشکلات کا ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ حکومت بنیادی طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت ایجوکیشن کے شعبے کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور فنی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے چار ہزار سے زائد نوجوانوں کو فنی تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد ان نوجوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے علاقوں میں خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ دیگر نوجوانوں کو بھی تعلیم اور فنی تربیت فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں، اس لیے حکومت ان دونوں شعبوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے یومِ آزادی پاکستان 14 اگست کو بھرپور جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منانے کا عزم کیا۔ تقریب میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
بلوچستان ملک کی واحد اسمبلی ہے جہاں اپوزیشن بھی حکومت کی حمایتی ہے، حکومت کے اراکین کو جو مراعات دی جاتی ہیں وہی مراعات اپوزیشن کو بھی حاصل ہیں،میر اصغر رند

ٹیگز:
میر اصغر رند
