کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)تھانہ ہنہ کے حدود سے ملنے والی نامعلوم لاش کا معمہ ایس سی آئی ڈبلیو نے حل کرلیا۔ لاش ایک شخص کی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر شناخت نہ ہونے پر کیس رجسٹر کیا گیا، جس کی تحقیقات ایس سی آئی ڈبلیو کی خصوصی ٹیم نے سنبھالی۔فنگر پرنٹس حاصل کرکے نادرا کو بھیجے گئے جس سے مقتول کی شناخت فہد لہڑی ولد اقبال لہڑی کے نام سے ہوئی۔ مقتول کے والد کے مطابق وہ اپنے بیٹے کو لاپتہ سمجھ رہے تھے۔ایس سی آئی ڈبلیو کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان ثنا اللہ محمد حسنی اور ادریس کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فہد کو مالی لین دین کے تنازع پر قتل کیا گیا، اور اہل خانہ کو جھوٹ بولا گیا کہ فہد کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے۔پولیس نے قاتلوں سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ لاش کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
فہد لہڑی کے قتل میں ملوث 2 دوست گرفتار ٗاسلحہ برآمد

ٹیگز:
فہد لہڑی
