کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پارٹی کے سابق صوبائی صدر و رہنما ارواشاد کاکاجی ملک غلام سرور خان اچکزئی کی 19ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی، وطنی اور سیاسی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاکاجی جیسی ہستیاں مدتوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ وہ ابتدا ہی سے پشتون قومی تحریک اور فکر باچاخان سے وابستہ رہے اور مرتے دم تک ثابت قدمی کے ساتھ اس پر کاربند رہے۔انہوں نے کہا کہ کاکاجی ملک سرور خان نے قبیلوی منافرت، زئی وخیلی کی ناسور دشمنیوں کے خاتمے اور پشتون ولی و بھائی چارے کے فروغ کے لیے عملی جدوجہد کی۔ تحمل و برداشت ان کی شخصیت کا لازمی حصہ رہا۔ ان کی جدوجہد اور انتھک محنت کے نتیجے میں عوامی نیشنل پارٹی نہ صرف قلعہ عبداللہ جیسے حساس اور پسماندہ ضلع میں بلکہ پورے بلوچستان میں ایک نمائندہ اولسی قوت کے طور پر ابھری۔زمرک خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ مرحوم کاکاجی کی یاد میں 10 جون کو، جو عیدالاضحی کا تیسرا دن ہوگا، صبح 10 بجے باچاخان مرکز کاکاجی برمہ پیر علی زئی، ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک اہم ریفرنس منعقد کیا جائے گا جس میں کارکنان اور ذمہ داران کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کاکاجی کی برسی ایسے نازک حالات میں منائی جا رہی ہے جب ملک اور خطہ بدامنی، سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، پشتون قوم وسائل سے محروم ہے، پشتو زبان اور کلتور کو بقا کا مسئلہ درپیش ہے، اور ملک کے اندر حقیقی جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جا رہا۔انجینئر زمرک خان نے کہا کہ کاکاجی ہمیشہ امن کے قیام کے لیے کوشاں رہے۔ انہوں نے قبیلوی عداوتوں کے خاتمے، دوستی، بھائی چارے اور خوشحالی کے فروغ کے لیے زندگی بھر عملی کردار ادا کیا۔ وہ ہمیشہ فکر باچاخان، عدم تشدد، تحمل اور برداشت کے عملی نمونہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاکاجی کے سیاسی و سماجی خدمات آج بھی مشعل راہ ہیں۔ ان کا فکر اور نظریہ گھر گھر پہنچایا اور پشتون و بلوچ اقوام کے درمیان بھائی چارے کی فضا قائم کی۔ کاکاجی نے قوم کی بقا کی جدوجہد میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ کاکاجی مرحوم کے ارمانوں کی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب پشتون قومی تحریک کو عوامی نیشنل پارٹی کے سرخ پرچم تلے ملی مشر ایمل ولی خان کی قیادت میں منظم کیا جائے اور شہدا کے مقاصد کے حصول کے لیے کمربستہ ہوکر جدوجہد کو اولیت دی جائے۔
ملک سرور خان جیسی ہستی مدتوں بعد پیدا ہوتی ہے، زمرک خان اچکزئی

ٹیگز:
زمرک خان
