کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ 8فروری2024کا الیکشن دراصل جنرل الیکشن کے نام پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ تھا اور اب جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ حکومت پانچ سال پورے کریگی یہ ملک کے عوام کے ساتھ جمہوریت کے نام پر بہت بڑے ڈاکے کے سوا کچھ نہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی پہلے ہی بتلا چکے کہ فارم 47کے نمائندوں سے ملک کے آئین کو پائمال کرنے کا کام لیا جائے گا جو قیاس آرائیاں کی گئی آخر کار نام نہاد، فراڈ، دھوکہ دہی کے اسمبلیوں سے یہی کام لیا گیا اور ملکی آئین کی پائمالی کی گئی۔ ملک کے حقیقی، سیاسی، جمہوری، وطن دوست، قوم پرور کارکنوں کے سیاسی جمہوری وطن دوست ارادوں پر پانی پھیرنے اور انہیں مایوسی، بیزاری کے دلدل میں دھکیلنے کی سازشیں جاری ہیں۔ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو نام نہادحکومت کی جی حضوری کا محتاج بنایا گیا۔ (SIFC)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے صوبائی خودمختاری اور فیڈریشن کے روح کو مجروح کیا گیا اور پیکا ایکٹ کے ذریعے میڈیا کی آزادی ختم کردی گئی ہے اور اس طرح ایس آئی ایف سی صوبائی خودمختاری پر حملے اورہمارے صوبے کے مائنز ومنرلز ایکٹ کو تبدیل کیا گیا اب صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام اپنے معدنی خزانوں کے مالک نہیں رہے۔ صوبائی خودمختاری کی پائمالی کرتے ہوئے صوبے کے معدنیات،جنگلات، ماہی گیری، زراعت، آئی ٹی، کمیونیکشن ودیگر کے اختیارات وفاق چھین چکا ہے۔ مرکز میں ان محکموں کے لیے فوجی آفیسران یا تو تعینات یا مقررکرتے جارہے ہیں۔دوسری جانب سخت ترین مہنگائی، بدترین بیروزگاری، پینے کے صاف پانی سے محرومی، بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ملک کو ہمہ جہت بحرانوں میں مبتلا کیا گیا ہے۔ سیاسی عدم استحکام نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے بحران مزید گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر سے مربوط نواں کلی میں پارٹی رہنماء اکرم خلجی کی رہائش گاہ پر خلجی آباد علاقائی کانفرنس (انتخابات) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے کی۔ کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز منان خان بڑیچ، حبیب الرحمن بازئی، سردار ادریس بڑیچ،تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے قانونی امور حبیب اللہ ناصر ایڈووکیٹ، ضلع سینئر معاونین ولی بریالی، نصیر احمد کاکڑ،ضلعی اور تحصیل ایگزیکٹیوز وکمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کے لیے عشائیے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر خلجی آباد علاقائی یونٹ کے صدر روزی خان خلجی، جنرل سیکرٹری محمد کریم، مالیات سیکرٹری سید یونس آغا، اطلاعات سیکرٹری حیات اللہ،رابطہ سیکرٹری انور خان ھوتک جبکہ عنایت اللہ، سردار ھوتک، محمد گل، خان زہیر کابینہ کے اراکین منتخب ہوئے۔ نومنتخب کابینہ سے پارٹی کے صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی نے حلف لیا۔مقررین نے منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بجاء طور پر اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی میں عوام کو شامل کرنے اور پارٹی کی دی گئی ذمہ داریوں کو احسن اندازسے نبھاتے ہوئے تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ تمام دنیا کے ممالک فوج رکھتے ہیں فوج رکھنے پر اعتراض نہیں فوج آئین کے خلاف سیاست میں مداخلت کے ہم اس لیے خلاف ہیں کہ فوجی جرنیلوں نے ملک کے آئین پائمال کرتے ہوئے سیاست میں مداخلت کی ہے اور حالیہ الیکشن میں بہت بھونڈے طریقے سے مداخلت نے ملک کو اندرونی طور پر بحرانوں اور خارجی طور پر تنہائی سے دوچار کررکھا ہے۔ پاکستان میں حکومتیں جس طریقے سے قرضے لیتے رہے ہیں حالیہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر قرض لیکر ملک اور اس کے 25کرورڑ عوام کو مقروض کراتی رہی ہے اور صرف گزشتہ دو ماہ میں ساڑھے آٹھ کھرب ملک کو مقروض کرچکی ہے اور اس طرح مسلط اور عوامی مینڈیٹ نہ رکھنے والی حکومتوں سے ملک چلانے کا نتیجہ سب کے سامنے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ آئین کے تحت تشکیل کردہ ادارے اپنے آئینی دائرہ کار کے پابند نہ بنانے سے افراء تفری اور لاقانونیت بڑھے گی ملک کے ہر آئینی ادارے کو ملک کے آئین کا پابند بنانا سیاسی جمہوری وطن دوست اور قوم پرور پارٹیوں اور ان کے سیاسی جمہوری کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کی بقاء کے لیے سیاسی جمہوری راہ اپنانا، مسلکط ناکام فارم 47کے حکومتوں کو جاری رکھنا بربادی کے سوا کچھ نہیں اور فارم47کے حکومتوں کو دوام دینے والے ادارے ایک جانب اپنی ساکھ کھو دینے اور دوسری جانب ملک کو سخت ترین بحرانوں سے دوچار کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ ملک کے بحرانوں کا حل حالیہ حکومتوں کا خاتمہ اور ایجنسیوں کی مداخلت کے بغیر صاف شفاف الیکشن، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور ملک کے آئین کی سیڑھی سے ممکن ہے۔
ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو نام نہادحکومت کی جی حضوری کا محتاج بنایا گیا،عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم
