کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے شہر بھر میں روٹی کی قیمت اور وزن میں کمی کے خلاف بڑا کریک ڈان کرتے ہوئے مجموعی طور پر 107 تندور سیل کر دیے، 168 نانبائی گرفتار کیے، جن میں سے 92 کو جیل منتقل کر دیا گیا۔یہ کارروائیاں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایات پر ضابطہ فوجداری کے تحت کی گئیں، جن کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور اسپیشل مجسٹریٹس نے مختلف علاقوں میں معائنے اور چھاپے مارے۔سب ڈویژن سٹی میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کیپٹن عبداللہ بن عارف اور مجسٹریٹ احسام الدین نے 57 تندور سیل کیے اور 51 نانبائیوں کو جیل بھجوایا۔سب ڈویژن صدر میں کیپٹن حمزہ انجم اور مجسٹریٹ حسیب سردار نے 48 نانبائیوں کو گرفتار کیا۔کچلاک میں اے سی نعمت اللہ ترین نے 18 تندور، اور سریاب میں اے سی سعد کلیم ظفر نے 6 تندور سیل کیے جبکہ 23 نانبائیوں کو جیل منتقل کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بلیک میلنگ یا ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے ان کارروائیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔
کوئٹہ میں روٹی مہنگی بیچنے پر ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن،107تندور سیل، 168 نانبائی گرفتار

ٹیگز:
کوئٹہ
