کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دکی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والے سی ٹی ڈی، ایف سی اور دیگر اداروں کے جوانوں کی بہادری کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاستی ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔

