حب (ڈیلی گرین گوادر) سینئر مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے حب میں مصروف دن گزارا۔ ضلعی اداروں کے سربراہان کے ساتھ صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی زیر صدارت لیڈا کانفرنس حال میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ ماسٹر پلان سمیت مختلف اسکیموں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہر کو درپیش لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پہ جی ایم کے الیکٹرک کی بریفنگ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نثار احمدلانگو،ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، میونسپل کارپوریشن کے چیئر مین وائس چیئرمین، ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین و وائس چیئرمین و دیگر ضلعی افسران شریک تھے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے جنرل مینجر نے نئے لگنے والے فیڈر کے حوالے سے بریفنگ دی۔نئے فیڈر کا کام جو حکومت بلوچستان اور میر علی حسن زہری کی ذاتی دلچسپی اور تعاون سے بنایا جارہا ہے تکمیل کے مراحل میں ہے۔ محکمہ بی اینڈ آر کی جانب سے سینکڑوں نئے تعمیر ہونے والے اسکولوں کے پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ہیلتھ سیکٹر میں تعمیراتی کاموں سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں حب میں جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں سڑکوں اور ماسٹر پلان کی منظوری کے بعد اب تک کی کارکردگی اور پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ مجوزہ ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ منظوری کے بعد جلد ہی ماسٹر پلان پر باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت جلد حب ایک نیا اور ماڈل شہرکی صورت اختیار کر جائے گا۔اجلاس میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ نئے فیڈر کا کام مکمل ہونے کے بعد شہر میں بجلی کے شارٹ فال میں کمی آئے گی۔ صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے ہدایت کی کہ شہر میں لوڈ شیڈنگ کم کی جائے خاص کر رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔بجلی کے شارٹ فال کو مزید کم کرنے کے لئے بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کی جائے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ و پولیس مکمل تعاون فراہم کرے۔ اجلاس میں کھیل کے میدان میں ترقیاتی کاموں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ میر علی حسن زہری نے صحت کے شعبے میں ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلی افسران سے رابطہ کر کے فوری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔محکمہ پولیس نے شہر میں امن و امان کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔دریں اثناء میر علی حسن زہری نے حب میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کیا اور یوں میر علی حسن زہری کا کا ایک اور وعدہ وفا ہو گیا۔ اس موقع پر میر علی حسن زہری نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام کو ڈرائیونگ لائسنس بنانے کے لئے دور جانے کی ضرورت نہیں۔ افتتاح کے موقع پر ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو بھی ہمراہ موجود تھے۔ افتتاحی پروگرام کے دوران میر علی حسن زہری نے بذات خود طریقہ کار کے مطابق عام آدمی کی طرح لائسنس بنوانے کا فارم جمع کرایا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ قانون کی پاسداری سب کے لئے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب کے عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور ضلع کے لئے نئے پروجیکٹس لانے کے لئے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ہمارے عوام ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ صدر زرداری کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں جو کہ ہماری ذمہ داری ہے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے استقامت اور اپنے عوام کی خدمت کے لئے مزید ہمت دے تاکہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکوں۔
حب ماسٹر پلان پر جلد باقاعدہ کام شروع کر دیا جائیگا،میرعلی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
