کراچی(ڈیلی گرین گوادر)یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کابینہ اراکین کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کبھی بھی کینالز نہیں بننے دے گی۔ بلاول بھٹوعوام کو خود اعتماد میں لیں گے۔انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کبھی بھی دریائے سندھ پر کینالز نہیں بننے دے گی۔ کینالز کے خلاف ہمارا احتجاج جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر نئی کینالز نہیں بن رہیں، میڈیا میں ابہام پھیلایا جا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو خودعوام کو اعتماد میں لیں گے، اگر سندھ کے پانی کو نقصان پہنچائے بغیر کوئی منصوبہ ہوگا تو ہم اس کا ساتھ دیں گے۔
مراد علی شاہ نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے عظیم رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ کہا آج کا دن ہمیں یکجہتی، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے خلاف ہم سب کو ایک ہونا ضروری ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں گے۔وزیراعلیٰ نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ہم ایک آزاد وطن میں سانس لیتے ہیں اور آزادی سے اپنے مذہبی فرائض انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور خوشحالی کے لیے 23 مارچ 1940 کو قراردادِ پاکستان منظور کی گئی، جو آگے چل کر قیامِ پاکستان کی بنیاد بنی۔ یہ دن تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

