کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے صوبے میں ماہی گیروں کو ماہی گیر کارڈ جاری کرنے، بلوچستان اور ضم شدھ اضلاع کی میڈیکل سیٹوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ واپس لینے سے متعلق دو قرار دادیں منظور کرلیں۔ جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں حق دو تحریک کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماہی گیری جو کہ ایک محنتی شعبہ ہے اور ماہی گیر سمندری لہروں کا مقابلہ کر کے رزق تلاش کرتے ہیں۔ لیکن ٹرالر ز مافیا کی جانب سے سمندری مچھلی کی نسل کشی کرنے کی وجہ سے مقامی ماہی گیروں کو شدید متاثر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں۔ اور اس وقت وہ اپنی زندگی کے گزر بسر کے لئے ماہی گیری کے آلات جن میں کشتی، جال اور انجن وغیرہ خریدنے سے بھی قاصر ہو گئے ہیں۔ لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ صحت کا رڈ، کسان کارڈ کی طرز پر علاقے کے ماہی گیروں کے لئے بھی ماہی گیر کارڈ کا اعلان کیا جائے۔ تا کہ علاقے کے مقامی لوگ ماہی گیری کے آلات خرید سکے۔ نیز ٹرالرز مافیا کی جانب سے جن ماہی گیروں کی کشتیوں اور جالوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ حکومت بلوچستان ان ماہی گیروں کے نقصان کے ازلہ کے لئے بھی عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔قرار داد کی موضونیت پر بات کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ماہی گیروں کو ٹرالرمافیا کی وجہ سے مشکلات ہیں انکی مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنے لئے انجن سمیت دیگر ضروری اشیاء خریدسکیں۔نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سونمیانی سے لیکر جیوانی تک ٹرالر مافیا کا راج ہے وہ ایک کروڑدیکر 5ارب کی مچھلیاں شکار کرتے ہیں ٹرالر مافیا انتہائی طاقتور ہے ہم اسکاخاتمہ کرکے صوبے کیلئے فشریزسے پیسے کماسکتے ہیں کیونکہ صرف بلوچستان کے ساحل میں ہی مچھلیاں رہ گئی ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کے رکن انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ قانونی طور پر فشریز کے شعبے کو فروغ دیکر اربوں روپے کا ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے قانون سازی کرکے غیرقانونی شکار کی روک تھام کی جائے اور مقامی لوگوں میں فشریز کو فروغ دیا جائے۔قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ ہمارے وسائل کو بیچ دیئے گئے اب تو صرف ساحل بچا ہے 800کلو میٹر ساحلی پٹی کی تعمیرکرکے صوبے کیلئے فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ نیشنل پارٹی کے رکن میررحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ماہی گیروں کا کوئی پرسان حال نہیں انکے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔جمعیت علماء اسلام کے رکن اصغر خان ترین نے کہا کہ ماہی گیروں کا ٹریننگ سینٹر نامکمل ہے اسے مکمل کرکے ماہی گیری کے شعبے پر توجہ دی جائے سالانہ ٹرالرمافیا 200ارب روپے کماتا ہے اسکی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں ایوان نے قرار داد کو منظور کرلیا۔اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن ڈاکٹر نواز کبزئی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کی جانب سے بلوچستان اور (سابقہ فاٹا) کے خم شدہ اضلاع کی میڈیکل سیٹوں کا کو نہ 3 سو 33 سے کم کر کے ایک سو 94 کر دیا گیا ہے۔ جو ایک انتہائی غیر منصفانہ فیصلہ ہے اور پی ایم ڈی سی کا یہ فیصلہ بلوچستان سمیت سابقہ فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے ساتھ سراسر نا انصافی اور تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ PMDC کے حالیہ فیصلے سے بلوچستان کے نوجوان مزید احساس محرومی کا شکار ہوئے ہیں۔ مزید براں صوبہ کے جو طلباء و طالبات محنت کر کے میرٹ پر بلوچستان سے باہر میڈیکل کالجز میں پڑھنے کے خواہش مند ہیں انہیں مایوسی کے بھنور میں مزید دھکیلا جارہا ہے لہذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ PMDC کے حالیہ فیصلے کو کالعدم قرار دے کر بلوچستان اور (سابقہ فاٹا) کے ضم شدہ اضلاع کی میڈیکل سیٹوں کا موجودہ کوٹہ 3 سو 33 کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔ تاکہ صوبہ کے نوجوانوں کو بلوچستان سے باہر میڈیکل کالجز میں پڑھنے کے موقع میسر ہو سکیں۔قرار داد پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی مرضی کے حساب سے 18ویں ترمیم کا استعمال کرتی ہے 18ویں ترمیم کے بعد محکمے تو ضم کئے گئے مگر اسکے اثاثے منتقل نہیں ہوئے صوبے میں ہرسال ڈیڑھ سو بچوں کو ڈاکٹر کی ڈگری سے محروم کیا جائے گا اس معاملے کو سی سی آئی میں لیکرجایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تین میڈیکل کالجز کے اساتذہ کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں اس مسئلے کا بھی حل نکالا جائے۔عوامی نیشنل پارٹی کے رکن انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاکہ صوبے کی جامعات کی حالت ابتر ہے ہمارے پاس وسائل نہیں اگروفاق ہمارے مسائل حل نہیں کرسکتا تو ہم وفاق کے ساتھ کیوں ہیں صوبے میں ایچ ای سی بنایا جائے صوبائی وزیرتعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ جامعات کے مالی بحران کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ہمیں ایچ ای سی اپنے حصے کی گرانٹ فراہم کرتا ہے جو اسکا کام ہے صوبے کو جامعات پر خود توجہ دینی ہوگی ہمیں پی ایم ڈی سی کی جانب سے میڈیکل سیٹوں کی کمی کرنے کی وجوہات جانے کی بھی ضرورت ہے صوبائی وزیر بخت محمدکاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت کا اسکالر شپ پروگرام 2018ء سے چلا آرہا ہے گزشتہ کئی سالوں سے میڈیکل سیٹوں کی کمی کی جاتی رہی ہے مگر بعد میں اس فیصلے پرامتناع کیاجاتا ہے انہوں نے کہا کہ اس بار بھی معاملہ پی ایم ڈی سی میں لے جایا گیاہے امید ہے کہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی ڈاکٹروں کی کمی ہے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسئلے کو مستقل طورپر بھرتی کرنے کے ساتھ ہی حل کرلیں گے۔اجلاس میں مولانا ہدایت الرحمن کا توجہ دلاؤ نوٹس پارلیمانی سیکرٹری فشریز کی عدم موجودگی جبکہ جمعیت علماء اسلام کے رکن فضل قادر مندوخیل اورسید ظفرآغا کی عدم موجودگی کی بناء پر انکی قراردادیں آئندہ اجلاس تک موخر کردی گئیں بعدازاں اسمبلی کا اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی اجلاس،ماہی گیروں کو ماہی گیر کارڈ جاری کرنے اور میڈیکل سیٹوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ واپس لینے سے متعلق دو قرار دادیں منظور

ٹیگز:
بلوچستان اسمبلی اجلاس
