کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں بول ٹی وی اور جی این این نیوز سمیت دیگر ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلوچستان کے صحافیوں کے معاشی استحصال کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے خصوصی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ٹی وی چینلز کی جانب سے بیوروز کی بندش کا فیصلہ غیر منصفانہ اور تشویشناک ہے جس کا انہوں نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں وفاقی وزارت اطلاعات سمیت تمام دیگر فورمز سے رابطہ کیا جائیگا۔ میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ جن ٹی وی چینلز نے کوئٹہ میں اپنے بیوروز بند کیے ہیں انہیں تمام بیوروز کو ہر صورت بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور میڈیا ورکرز سے ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔بی یو جے وفد نے میر سرفراز بگٹی کی دور اندیشی پر مبنی پالیسیوں، سیاسی وڑن اور اقدامات کو سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے میر سرفراز بگٹی نے ہمیشہ شاندار کردار ادا کیا ہے اور ان کی سیاسی بصیرت سے نہ صرف صوبے میں سیاسی استحکام پیدا ہوا ہے بلکہ میڈیا ورکرز کے دیرینہ مسائل بھی ترجیہی بنیادوں پر حل ہو رہے ہیں۔قبل ازیں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کال پر صحافیوں نے بلوچستان اسمبلی اجلاس کا علامتی واک آؤٹ بھی کیا اور اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ صحافیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب کوئٹہ، عبد الخالق رند صدر بی یو جے خلیل احمد نے میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے بول نیوز،جی این این اور دیگر ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش ان پالیسیوں کا تسلسل ہے جن کے ذریعے میڈیا ورکرز کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ بعض ٹی وی چیلنز کوئٹہ سے دفاتر بند کر کے قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں جن کے خلاف بی یوجے قانونی چارہ جوئی کے لیے ٹھوس حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطرف کیے گئے میڈیا ورکرز کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد کوئٹہ میں بند کیے گیے تمام ٹی وی چینلز کے بیوروز کو واپس بحال کرادیا جائے گا۔
ٹی وی چینلز کی کوئٹہ میں بیوروز کی بندش کیخلاف صحافیوں کا احتجاج،صوبائی اسمبلی کے اجلاس سےواک آؤٹ

ٹیگز:
ٹی وی چینلز
