کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلو چستان کے مختلف اضلاع میں مو سلا دھار بارش کے باعث معمولات زند گی بری طرح متاثرہو کر رہ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جا ری رہا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثرہ ہوکر رہ گئی،مو سلا دھار بارش کے دوران کوئٹہ کے علا قے جناح ٹاؤن، ارباب ٹاؤن، شہباز ٹاؤن، بروی روڈ، جوائنٹ روڈ، سر یاب روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن،نواں کلی، جناح روڈ پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث معمولات زند گی بری طرح متاثرہو گئے،تاجروں اور عوام نے بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیئے جبکہ دوسری جانب کیسکو کے تمام سب ڈویژن آفیسران نے فون اٹھانے بند کر دیئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران قلات میں 56 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کوئٹہ میں 5، ژوب میں 3،خضدارمیں 2اوربارکھان میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب اور موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی اور خضدار میں بھی بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب

ٹیگز:
موسلا دھار بارش
