کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان کے اجلاس میں محکمہ صحت کے مالی سال 2012-13سے 2015-16تک کے آڈٹ پیراز پر غور کیا گیا۔ جمعرات کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان کا اجلاس بلوچستان اسمبلی میں چیئرمین اصغر علی ترین کی صدارت میں منعقد ہواجس میں کمیٹی کے اراکین، میر زابد علی ریکی، رحمت صالح بلوچ، فضل قادر مندوخیل، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ڈی جی آڈٹ بلوچستان شجاع علی، ایڈیشنل سیکرٹری سراج لہڑی، محکمہ صحت، محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ صحت کے مالی سال 2012-13سے 2015-16تک کے آڈٹ پیراز اور نیشنل پروگرام برائے فیملی پلاننگ و پرائمری ہیلتھ کیئر (لیڈی ہیلتھ ورکرز) کے اسپیشل آڈٹ رپورٹ پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ محکمہ صحت کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، جس پر چیئرمین اور اراکین نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ریکارڈ پندرہ دن کے اندر پیش کیا جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمیٹی نے اس معاملے پر مزید پیش رفت کے لئے 11 مارچ 2025ء کو دوبارہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس کے بعد چیئرمین پی اے سی اصغر علی ترین، میر زابد علی ریکی، رحمت صالح بلوچ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ایڈیشنل سیکرٹری سراج لہڑی اور ڈی جی ہیلتھ نے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے بی ایچ یو کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے اراکین اور ڈی جی ہیلتھ کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ اسمبلی بی ایچ یو میں ادویات اور جراحی آلات کی شدید کمی ہے ڈی جی ہیلتھ نے یقین دہانی کرائی کہ بی ایچ یو کو مزید فعال بنانے اور ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان کا اجلاس،محکمہ صحت کے آڈٹ پیراز پر سخت برہمی

ٹیگز:
محکمہ صحت
