اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جمیعت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما اور سینئر وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، اگر کشمیر کی جدجہد پر امن ہوتی تو شاید مسئلہ کشمیر اب تک حل ہوچکا ہوتا، لڑکر مسائل حل کرنا ملک خطے اور دنیا کے حق میں نہیں، کشمیرکی جدوجہد پر امن ہونی چاہیے، تشدد کا راستہ کہیں سے بھی نہیں ہونا چاہیے۔
آج ٹی وی کی پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ کی میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے شک مذاکرات سو دفعہ ناکام ہوجائیں، ہمیں بات چیت کرنا پڑے گی، آخر کار پرامن اور جمہوری طریقوں سے آپ کشمیر کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں، طاقت کے بل بوتے پر مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، ہر مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہماری حیثیت اس وقت ایک عالمی فقیر کی ہے، ہمیں قومی غیرت بحال کرنا ہوگی، پھر ہمارا عالمی کردار بھی درست ہوسکے گا، ہمیں اپنے ملک میں جمہوری سوچ کو پنپنے دینا ہوگا، بصورت دیگر آپ کی دنیا کے معاشروں میں عزت نہیں ہوگی۔جے یو آئی رہنما نے کہا کہ ہم 8 فروری کے الیکشن کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں، ہم پورے الیکشن کو ہی غلط سمجھتے ہیں، ہم پورے ملک میں نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہیں، پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے، انہیں ایکشن لینا ہوگا۔

