کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن)،بورڈ آف ڈائریکٹرز اورچیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صارفین کی سہولت اور عوامی مطالبہ کے پیش نظر لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے خصوصی اقدامات اُٹھارہی ہے۔اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی لائنوں (فیڈروں)کو مرحلہ وار بجلی چوری سے پاک کرنے پر کام شروع کر دیا گیاہے۔اس مہم کے تحت سب ڈویژن کی سطح پر کچھ فیڈروں کاانتخاب کرکے سپیشل کامبنگ یعنی میٹروں کی نمایاں جگہ پر دوبارہ تنصیب کی جائے گی تاکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) کی حفاظتی اصولوں کے مطابق برقی میٹروں کو عوامی املاک سے ہٹاکر بجلی کے کھمبوں پردوبارہ تنصیب کے عمل کو یقینی بنایاجائے۔ اس مہم کامقصد عوام کے جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ درست اور بروقت میٹرریڈنگ کو یقینی بناناہے نیزبرقی میٹروں کی محفوظ اور نمایاں جگہوں پر از سرے نوتنصیب کا عمل زیادہ قابل اعتبار اور صارف دوست نظام کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس کے بعد بجلی چوری کی روک تھام میں بھی خاطر خواہ مددملے گی۔پہلے مرحلہ میں کیسکوکچہری سب ڈویژن کوئٹہ کے شہبازٹاون فیڈرکاانتخاب کیاگیاہے جس میں چمن ہاوسنگ اسکیم،شہبازٹاون کے علاقے پر کامبنگ اورمیٹرسیکورنگ کاکام شروع کردیاگیاہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلہ کے تحت کوئٹہ شہرکے دیگر فیڈروں پر بھی یہی عمل دہرایاجائے گااورمرحلہ وار تمام فیڈروں سے بجلی چوری کامکمل خاتمہ یقینی بنایاجائے گا۔ اس کے علاوہ اس مہم کی کامیابی سے صارفین کوبھی خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوسکے گااور اُنھیں بہتر وولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔میٹروں کی نمایاں جگہوں پر دوبارہ تنصیب کے مہم کی نگرانی کیسکوکے چیف انجینئر(ٹیکنیکل) یوسف شاہ خان ذاتی طورپرخود کررہے ہیں اورروزانہ کی بنیاد پر کام کی رفتارسے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے کر اعلیٰ حکام کو پیش کررہے ہیں۔اس مہم کی کامیابی سے مختلف علاقوں میں ڈائریکٹ اور غیر قانونی کنکشنز کے بھی خاتمہ کے علاوہ مذکورہ فیڈرسے لوڈشیڈنگ بھی ختم کردی جائے گی۔ کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کی کامیابی کے لئے کیسکوٹیموں سے تعاون کریں اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اپناانفرادی کرداراداکریں نیز صارفین اپنے اردگرد بجلی چوری جیسے ناجائز عمل کے مرتکب افراد کی نشاندہی کریں تاکہ آپ کاجائز حق آپ کو مل سکے۔صارفین اپنے اردگرد بجلی چوروں سے متعلق اطلاع کیلئے بذریعہ ویڈیو پیغام واٹس ایپ نمبر 03198088013 پر مذکورہ جگہ کی نشاندہی کیساتھ بھیج دیں جبکہ میسج بھیجنے والے کانام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
کوئٹہ میں بجلی لائنوں (فیڈروں)کو مرحلہ وار بجلی چوری سے پاک کرنے پر کام شروع کر دیا گیاہے،کیسکو

ٹیگز:
کیسکو
