گوادر(ڈیلی گرین گوادرر)ڈپٹی کمشنرگوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر حافظ بلوچ، پی پی ایچ آئی کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر صابر حیاتان، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر الٰہی بخش بلوچ، اور ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹر فاروق بلوچ نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی صحت کے شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور اسٹاف کی غیر حاضری کے مسئلے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کرونک غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متواتر غیر حاضری کے مرتکب ڈاکٹرز اور اسٹاف کے ٹرمینیشن کے لیے اعلیٰ حکام کو سفارشات بھیجی جائیں گی، اور عوامی صحت کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) اور دیہی صحت مراکز (آر ایچ سیز) کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس میں طبی آلات کی دستیابی، او پی ڈیز، زچہ و بچہ کی صحت، دیہی علاقوں میں ڈلیوری کے دوران سہولیات کی فراہمی، اور دیگر اہم امور شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایکسرے مشین اور آپریشن تھیٹر کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، انہوں نے ضلع میں دوائیوں کے موجودہ اسٹاک کا جائزہ لیا، جس پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ایم ایس نے تسلی بخش صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ حکام کو صحت کے شعبے میں عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں،ڈپٹی کمشنرگوادر

ٹیگز:
ڈپٹی کمشنرگوادر
