اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمزڈاکٹر رانا عمران سکندر نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی کارکردگی، درپیش مسائل اور دستیاب طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پمز کو ملک کا ایک اہم ہسپتال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے مریضوں کے دباؤ کے باعث طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں خراب مشینری کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو اکثر باہر سے ٹیسٹ کروانے پڑتے ہیں، جو عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ فنڈز کی فراہمی کے ذریعے نئی مشینری کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے اور وارڈز کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے انتظامی عملے اور ماہرین کو اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے غریب مریضوں کو لائنوں میں لگ کر خون کے نمونے جمع کرانے کے نظام کو تبدیل کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ وقت اور وسائل کا ضیاع نہ ہو۔سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور حکومت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پوری طرح کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی زیر سرپرستی پمز کے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے زیر غور ہیں تاکہ صحت کی سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جا سکیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے سربراہ ڈاکٹر رضوان تاج نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طب کے شعبے میں اعلیٰ معیار کے فروغ اور جانچ پڑتال میں پی ایم ڈی سی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری طبی سہولیات اور ہسپتال نہ صرف عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار بھی ثابت ہوتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مزید کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں قائم ہونے والے نئے ہسپتالوں کی معاونت، گائیڈ لائنز کی فراہمی، اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے پی ایم ڈی سی کے رجسٹریشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شفاف طریقہ کار اپنا کر طب کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام تبدیلیوں کا براہِ راست اثر انسانی زندگیوں پر پڑتا ہے، لہٰذا اس حوالے سے مکمل احتیاط اور سنجیدگی اختیار کرنا ضروری ہے۔ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پی ایم ڈی سی کے سربراہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ٹیگز:
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
