ڈیرہ بگٹی بیکٹر(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان و چیف آف بگٹی میر سرفراز احمد بگٹی اور نوابزادہ زامران سلیم بگٹی نے کہا ہے کہ بگٹی قوم لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکی ہے اب وقت آ گیا ہے کہ نوابزادہ براہمداغ بگٹی جنگ کا راستہ چھوڑ کر پاکستان کے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے قوم کی خدمت کریں۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعلی بلوچستان اور چیف آف بگٹی میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ وہ بگٹی قبائل کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر ایک بھاری ذمہ داری عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دستار کو باعث اعزاز سمجھتے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ بگٹی قبائل کے اعتماد پر پورا اتریں۔اس موقع پر نوابزادہ زامران سلیم بگٹی نے کہا کہ چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی کے چچا کو ان کے والد نوابزادہ سلیم اکبر بگٹی نے دستار باندھی تھی ان کے کزن کو پھر میں نے دستار باندھی تھی میرے والد کو ان کے والد وڈیرہ قادر مسوری صاحب نے پگ باندھی تھی اسی روایت پیش نظر بحیثیت شہید نواب اکبر بگٹی کے پوتے اور نواب عالی کے بھائی ہونے کی حیثیت سے آج میں نے میر سرفراز بگٹی بحیثیت چیف آف بگٹی قبائل ان کی دستار بندی کی انہوں نے کہا کہ انہوں نے چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی کو دستار باندھ کر اپنا فرض ادا کیا ہے ہم سب چیف آف بگٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ اب بگٹی قوم کے مسائل حل ہوں گے۔نوابزادہ زامران سلیم بگٹی نے کہا کہ نوابزادہ براہمداغ بگٹی کے لئے وہی پیغام ہے جو میر سرفراز بگٹی کا ہے کہ بگٹی قوم مزید لاشیں اٹھانے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا گھر ہو جہاں یتیم اور بیوہ نہ ہوں۔انہوں نے ایک بار پھرنوابزادہ براہمداغ بگٹی کو پیغام دیا کہ وہ جنگ ختم کر کے پاکستان کے آئین کے اندر رہتے ہوئے بگٹی قوم کی فلاح و بہبود کے لئے کردار ادا کریں۔
نوابزادہ براہمداغ بگٹی جنگ چھوڑ کر آئین کے دائرے میں آئیں، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
براہمداغ بگٹی
