کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے پی ٹی آئی کی کوئٹہ میں جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔جمعرات کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کی جانب سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑکے نام لکھے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر کی جانب سے 8نومبربروز جمعہ کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم یا ہاکی گراونڈ میں سیاسی جلسہ کرنے کا این او سی جاری کرنے کی درخواست دی تھی جس پر انہیں ذاتی طور پر طلب کیا گیا تھا تاہم ان سمیت پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماوں سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے رابطہ قائم نہیں کیا اورنہ ہی ڈپٹی کمشنرکے پاس پیش ہوئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس اینڈ کوارڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے داعیش،ٹی ٹی پی کے حوالے سے تھرٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ اسپیشل برانچ نے اپنی ایک رپورٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے اور پی بی 44کے ری پولنگ کے موقع پرمن و امان کے حوالے سے خدشات کا اظہارکیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ایوب اسٹیڈیم میں ہورہے ہیں جس کیلئے ایوب اسٹیڈیم میں جگہ موجود نہیں ہے ساتھ ہی ڈی آئی جی کوئٹہ نے بھی کہا ہے کہ پولیس کی نفری ایوب اسٹیڈیم میں جاری امتحانات کے تحفظ میں مصروف ہے جبکہ بلوچستان حکومت نے کھیلوں کے میدانوں میں سیاسی جلسوں پرپابندی بھی عائد کررکھی ہے لہذاانٹیلی جنس ایجنسیوں،بلوچستان پبلک سروس کمیشن ٗقانون نافذ کرنے والے اداروں،بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور انکی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنرکوئٹہ نے پی ٹی آئی کی کوئٹہ میں جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کردی

ٹیگز:
پی ٹی آئی
