حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے گزشتہ دنوں ژوب میں ایک سکول کلرک کی جانب سے 878 طالبات کی امتحانی فیس جوئے میں ہار جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ فیس بروقت جمع نہ ہونے کی وجہ سے طالبات کا مستقبل خراب نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث کلرک کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھنونی حرکت نہ کر سکے۔ترجمان صدر آصف علی زرداری و مشیر صنعت و حرفت بلوچستان میر علی حسن زہری نے ذاتی حیثیت میں 25 لاکھ روپے فیس ادا کرنے اعلان کر دیا۔ یاد رہے کہ ژوب میں اسکول کلرک نے سینکڑوں طالبات کی امتحانی فیس کے لاکھوں روپے جوئے میں ہار دیئے تھے جس کے بعد گھمبیر صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ 878 طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں خلل آئے انہوں نے مزید کہا کہ وہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اور طلبہ و طالبات کی بہتر تعلیم کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔انہوں مزید کہا کہ طلباء کے مستقبل سے کھیلنے والے افراد کسی قسم رو رعایت کے مستحق نہیں اور جو بھی عناصر اس مکروہ عمل کا حصہ ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس طرح کے واقعات کی حوصلہ شکنی ہوسکے اور کسی ایک فرد کی نااہلی کی وجہ سے ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو خراب نہیں ہونے دے گے۔ دریں اثناء عوامی اور تعلیمی حلقوں میں میر علی حسن زہری کے ذاتی حیثیت میں فیس ادا کرنے کے اعلان کو بے حد سراہا جارہا ہے۔ عوامی اور تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ میر علی حسن زہری کے اس احسن قدم سے تعلیم کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہو گی اور ان کا یہ عمل تعلیم اور بلوچستان کے طلباء سے محبت کا وضح ثبوت ہے کہ انہوں نے طالبات کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے یہ احسن قدم اٹھایا۔
ژوب میں تمام متاثرہ طالبات کی رقم ذاتی حیثیت میں ادا کروں گا،میرعلی حسن زہری

ٹیگز:
میرعلی حسن زہری
