کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو بلوچستان انجینئر شفقت علی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن) اویس لغاری اور سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کے احکامات کی روشنی میں ہیٹ ویو کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام فیڈرز کو 7 کیٹگریز میں تقسیم کرکے بجلی کی تقسیم کے طریقہ کار کو یقینی بنایا گیا ہے انتظامی ، تکنیکی اور کمرشل حوالے سے خرابی کے بارے میں میڈیا کو روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے کیسکو نے ستمبر سے شروع کی گئی مہم کے دوران 37216 چوری کے کیسز پکڑکر 6581 ایف آئی آر درج کیں ، 1 کروڑ 28 لاکھ 3 ہزار یونٹ چارج کرکے 66 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا ہے ہماری حکومت اور زرعی صارفین سے یہی درخواست ہے کہ وہ اپنے ماہانہ بل اور واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کمپنی اپنے امور کی انجام دہی کو بہتر طور پر یقینی بناسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں چیف انجینئر آپریشن ڈائریکٹر شوکت علی جوگیزئی، چیف کمرشل ڈائریکٹر منصور مینگل، کیسکو ترجمان محمد افضل کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ کیسکو کے زیر انتظام بلوچستان کے تمام علاقوں میں گزشتہ روز 765 فیدڑز میں سے صرف 3 فیڈرز پر تکنیکی وجوہات پربجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، تکنیکی خرابی کی وجہ سے متاثر ہونیوالے فیڈروں میں جان محمدروڈ،سورج گنج بازاراور ملک پلانٹ فیڈرزشامل تھے۔صوبہ کے تمام علاقوں میں انتظامی،تکنیکی اورکمرشل لاسز کو مدنظررکھ کر کیٹیگری کے تناسب سے لوڈ مینجمنٹ شیڈول ترتیب دیا جاتا ہے۔کیٹگری ون اورٹو کے فیڈروں پر کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی ۔کیٹیگری تھری اورفورکے 14فیڈرز پر یومیہ 4گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔کیٹگری فائیو کے29فیڈرزپر یومیہ6گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔کیٹگری 6کے 43 فیڈرز پر 8گھنٹے جبکہ 7کے153فیڈروں پریومیہ 12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ایکس کیٹگری والے 411دیہی و زرعی فیڈروں کو زرعی سبسڈی معاہدے کے تحت یومیہ 6گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔اس وقت کیسکو کے تمام فیڈرز کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ترقیاتی کام اور مرمت کیلئے بعض فیڈروں پرعارضی طورپربجلی بندکی جاتی ہے جس کیلئے بذریعہ اخبارات اور سوشل میڈیا صارفین کو پیشگی مطلع کیاجاتاہے، اس عارضی بجلی بندش کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تصور نہ کیاجائے تاہم متعلقہ صارفین سے زحمت کیلئے پیشگی معذرت اور تعاون کی اپیل بھی کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر توانائی و پاور ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کا یہ سلسلہ یکم سے 28 جون تک رہے گا اس دوران صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانی ہے کیونکہ کیسکو عوام کو سہولت دینے کے لئے کام کررہا ہے نہ کہ تکلیف دینے کے لئے ہماری بھی مجبوریاں ہے زرعی ، گھریلو ، کمرشل اور صارفین کے علاوہ حکومتی ادارے اپنے بلوں کی بروقت ادائیگی اور زرعی صارفین ماہانہ بلوں کے علاوہ سبسبڈائزڈ بل بھی ادا کریں کیونکہ اس وقت زرعی صارفین پر تقریباً 493 ارب روپے سے زائد کے واجبات واجب الادا ہے اور اسی طرح سرکاری اداروں پر اربوں روپے کے واجبات ہیں ان کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اس وقت صوبے میں 27334 زرعی ٹیوب ویلوں کو 404 فیڈرز سے سبسڈائزڈ طور پر بجلی دی جارہی ہے ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ مشکلات کے باوجود لوگوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں اس کے لئے شہریوں ، زرعی صارفین اور دیگر کو بھی اپنے بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا ہوگی تاکہ ہم بجلی کی ترسیل کو یقینی بناسکیں ہماری کوشش ہے کہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید اسکیننگ میٹر کی تنصیب یقینی بنارہے ہیں تاکہ جو لوگ بل ادا کررہے ہیں انہیں لوڈ شیڈنگ سے نجات مل سکیں جس علاقے سے ریکوری کم ہوگی اسی علاقے اور محلے کی بجلی بند کریں گے۔
عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید اسکیننگ میٹر کی تنصیب یقینی بنارہے ہیں،انجینئر شفقت علی

ٹیگز:
انجینئر شفقت علی
