کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان صفدر خان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا افسوسناک مظہر قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی نے واقعے پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب نامعلوم مسلح ڈاکو صفدر خان کی دکان میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں موقع پر ہی شہید کر دیا۔ پارٹی کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے بلکہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی واضح علامت بھی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ جیسے نسبتاً چھوٹے شہر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک صورت اختیار کر چکی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ تقریباً ناپید ہو گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر چوری، ڈکیتی اور اسلحہ کے زور پر وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، مگر متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ پریس ریلیز میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ پر بھی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ شہر میں بدعنوانی اور رشوت خوری کے رجحان نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پارٹی کے مطابق بعض پولیس اہلکار افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی کی آڑ میں عام پشتون شہریوں کو بلاجواز ہراساں کرتے ہیں اور ان سے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کیے جانے کی شکایات مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔ ایگل اسکواڈ اور شہباز فورس کی جانب سے گلی محلوں میں معزز شہریوں کی بار بار تلاشی لینے اور غیر مناسب رویے کی بھی مذمت کی گئی، جس سے عوام کی عزتِ نفس مجروح ہو رہی ہے اور شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ مزید کہا گیا کہ گزشتہ دنوں ایگل فورس کی فائرنگ سے ایک بے گناہ شہری زخمی ہوا تھا، مگر تاحال اس واقعے پر کوئی مؤثر اور شفاف کارروائی سامنے نہیں آئی۔ بیان میں حکامِ بالا اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ اتحاد، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بڑھتی ہوئی جرائم کی لہر کا فوری نوٹس لیا جائے، صفدر خان کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور شہریوں کو جان و مال کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو پارٹی پورے شہر میں تمام تھانوں کے سامنے احتجاجی دھرنے دینے اور بھرپور عوامی احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ درایں اثنا پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی اور ضلع ڈپٹی سیکریٹری باچا خان کاکڑ نے صفدر خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت ماہِ رمضان کے صدقے مرحوم کی شہادت کو قبول فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔ پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے تحفظ، امن کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ کوئٹہ کو ایک پرامن اور محفوظ شہر بنایا جا سکے۔
نواں کلی میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان صفدر خان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں ٗ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

