کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان نے کہا ہے کہ 29 مئی کو دنیا بھر میں ہاضمہ کی صحت کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد ہاضمے کی بے شمار خرابیوں اور بیماریوں جن میں سے اکثر انسان کیلئے جان لیوا ثابت ہوتی ہیں بارے لوگوں میں شعور و آگاہی اجاگر کرنا ہے،۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی ایف اے ہیڈ آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف گیسٹرو انٹرولوجسث ڈاکٹر صادق اچکزئی، ڈاکٹر جلال بنگلزئی، ڈاکٹر فرحانہ نوشیروانی، ڈاکٹر نصیر بھی موجود تھے۔ ہاضمہ کے عالمی دن کی اس سال کی تھیم “Your Digestive Health, Make it a Priority “کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہناتھا کہ بلا شبہ ایک صحت مند نظام ہاضمہ ہی خوراک کو صحیح طریقے سے ہضم کرنے اور مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے غذائی اجزا کو جذب کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اچھے نظام ہاضمہ کا دارومدار بہتر و مناسب خوراک پر ہے، بلوچستان فوڈ اتھارٹی جہاں غیر معیاری کھانے پینے کی اشیا کی تیاری و فروخت کیلئے اقدامات کررہی ہے وہیں لوگوں کو مناسب خوراک کے چنا میں بھرپور معاونت بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ کھانے پینے کی اشیا خریدتے وقت اس کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہ کریں، ہمیشہ مستند کمپنیوں کی اشیا کا انتخاب کریں جبکہ ناقص خوراک کی تیاری و فروخت سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فورا بی ایف اے کو اطلاع دیں تاکہ لوگوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بروقت ایکشن لیا جاسکے۔ بات چیت کے موقع پر موجود ماہر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ہاضمہ درست ہونے کے فوائد میں انفیکشن سے لڑنے میں آسانی، صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں معاون، جسم سے فضلہ مواد کو ہٹانے میں کارگر اور غذائی اجزا کو جذب کرنے میں آسانی ہوتی ہے، درست ہاضمہ ہارمونز پیدا کرتا ہے جو ہاضمے اور نیند کو منظم کرتا ہے جبکہ یہ دل کی بیماری، فالج، ٹائپ 2 ذیابیطس اور ذیابیطس کی کچھ اقسام جیسی دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتاہے۔ لہذا بہتر کھانے پینے کی اشیا کو روزانہ کی خوراک کا حصہ بنائیں اور اپنے نظام ہاضمہ پر توجہ دیں تاکہ آپکی صحت مند زندگی کا سفر بلا خطر جاری رہے۔
اچھے نظام ہاضمہ کا دارومدار بہتر و مناسب خوراک پر ہے،ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی

