کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 50ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی میں کیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، کیسکو کو ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں کہ خدارا عوام پر ترس کھائیں جو اپنے بلز بروقت جمع کراتے ہیں انھیں کم از کم بجلی فراہم کی جائے، بجلی بحران کی وجہ سے عوامی نمائندے عوام کا سامنا نہیں کر سکتے،کیسکو اہلکار خود بجلی چوری میں ملوث ہیں محکمہ میں سالوں سے بیٹھے ایکسیئن اور ایس ڈی اوز کا تبادلہ کیا جائے۔ یہ بات اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی میر صادق عمرانی، میر سلیم کھوسہ، سردار فیصل جمالی، حاجی برکت رند،میر اصغررند، سنجے کمار، حادیہ نواز، کلثوم نیاز، مولانا نور اللہ، انجینئرزمرک خان اچکزئی، میر اسد اللہ بلوچ، حاجی محمد خان لہڑی، میر عاصم کرد گیلو، میر لیاقت لہڑی، ڈاکٹر نواز کبزئی، زرک خان مندوخیل، فضل قادر مندوخیل نے جمعہ کو اسپیکر چیمبر میں کیسکو چیف شفقت علی کے اسمبلی طلب کئے جانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ کیسکو اہلکار چوری میں ملوث ہیں جہاں بل جمع نہیں ہوتے وہاں ٹیوب ویل کیوں بند نہیں ہوتے ورک شاپس کی حالت ناگفتہ بہ ہے جو ٹرانسفارمر خراب ہوتے ہیں انکی مرمت میں مہینوں لگتے ہیں کوئٹہ میں اس وقت لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے ہے کیسکو زمینداروں کو چھ گھنٹے بجلی فراہم کررہی ہے 30 دن میں سسٹم کو سولر سسٹم پر لے جانا مشکل ہے لہذا کیسکو حکام اس دورانیے کو بڑھائیں۔ارکان نے کہا کہ بلوچستان سے نکلی ہوئی گیس سے اوچ پاور پلانٹ چل رہا ہے لیکن اس پلانٹ سے بلوچستان کو بجلی نہیں مل رہی ہمیں مرکز سے قانونی طور پر لڑنا ہو گاجو ہمارا حق ہے کم از کم وہ تو ہمیں دیا جائے کچھ ایسے مسائل ہیں جس پر ہمیں مل کر صدر،وزیر اعظم اور مرکز کے ساتھ بیٹھ کر اپنے صوبے کے لئے کچھ لانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی نے اپنے فنڈز سے ٹرانسفارمرز کے کیلئے پیسے دیئے لیکن بجلی بحال نہیں ہوئی میں نے اپنے فنڈ سے اپنے ڈسٹرکٹ کے لئے 22 کروڑ روپے کیسکو کو دئیے ہیں لیکن کوئی کام نہیں ہوا۔ ارکان نے کہا کہ ریکوری کیلئے کیسکو کو جو مدد چاہیے صوبائی حکومت حاضر ہے ہمارے حلقوں میں اس گرمی میں بھی ٹرانسفارمر خراب ہیں مگر بروقت ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں ہوتی کوئٹہ شہر میں بجلی کی مدد سے ٹیوب ویلز کے ذریعے عوام کو پانی مہیا کیا جاتا ہے لیکن بجلی کچھ علاقوں میں نہ ہونے کی وجہ سے چار چار دن پانی نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں عوام نے 220 وولٹیج تو دیکھی ہی نہیں کم وولٹیج کی وجہ سے اکثر ٹرانسفارمر خراب ہو جاتے ہیں بطور ممبر اب بھی ہم نے اپنی جیب سے ٹرانسفارمر بنواتے ہیں جو کام کیسکو کا ہے وہ ہم کر رہے ہیں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ ژوب کے 80 فیصد دیہاتوں نے بجلی دیکھی ہی نہیں شیرانی میں دکانیں اور کارخانے ہی نہیں لیکن وہاں بھی بجلی نظام بہتر نہیں اسمبلی کے تمام بلز بروقت جمع ہوتے ہیں جب بل آتے ہیں اسکے چیک بننے اور کلیئر ہونے میں کچھ دن لگتے ہیں لہذا اس دوران جو سرچارج لگتے ہیں اسے ختم کیا جائے۔اس موقع پر کیسکو چیف شفقت علی نے جواب دیا کہ صوبائی حکومت اس مسئلے کو مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھائے ہمیں ریکوری میں مسائل آ رہے ہیں بہت سے معاملات ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہیں جن کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ ارکان کی طرف سے جو تحفظات اور آراء آئی ہیں جبکہ کیسکو حکام کے جو مسائل ہیں انہیں وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان تک پہنچائیں گے۔
کیسکو کو ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں کہ خدارا عوام پر ترس کھائیں،اسپیکر بلوچستان اسمبلی

ٹیگز:
اسپیکر بلوچستان اسمبلی
