کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 39سے امیدوار شریف خلجی نے کہا ہے کہ انتخابات میں پریزائیڈنگ افسران نے پیسے لیکر ہمارے خلاف دھاندلی کی ہے، ان کی تحقیقات کی جائیں، امید ہے آج دوبارہ گنتی میں نتائج ہمارے حق میں آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45نہیں دئیے گئے جن علاقوں میں ہمارے ووٹ زیادہ تھے وہاں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار بنایا گیا جبکہ پریزائیڈنگ افسران نے پیسوں کے عیوض یہ سب کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقوں میں پریزائیڈنگ افسران کے خلاف تحقیقات کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اربوں روپے خرچ کر کے الیکشن کا انعقاد کیا گیا لیکن اگر انتخابات میں دھاندلی ہوگی تو اس سے منفی تاثر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی بی 39میں دھاندلی کی وجہ سے نتائج منسوخ کئے گئے اور آج دوبارہ گنتی ہوگی امید ہے ہمارے حق میں نتائج آئیں گے اگر میں جیت بھی گیا تب بھی دھاندلی کرنے والے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف کاروائی جاری رکھونگا۔
پریزائیڈنگ افسران نے پیسے لیکر ہمارے خلاف دھاندلی کی ہے، شریف خلجی

ٹیگز:
شریف خلجی
