کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر ابھری ہے، صوبے میں اپنی حکومت بنائیں گے،وزیراعلیٰ کے امیدوار کا فیصلہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، صوبے میں مخلوط حکومت بنائیں گے پارٹی قیادت کی مشاورت سے اتحادیوں کا فیصلہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی 11نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے 2حلقوں میں ہمارے امیدواروں نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے، ہم اس وقت یہ کہنے کی پوزیشن میں پر آگئے ہیں کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی جبکہ 6آزاد ارکان سے بھی ہمارے رابطے جاری ہیں چیئر مین بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے امیدوار کو نامزد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان سے قومی اسمبلی کی بھی دو نشستیں حاصل کر چکے ہیں عوام کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنایا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جماعت، صوبائی جماعت کی مشاورت سے حکومت سازی کے عمل کو آگے لیکر جایا جائے گا قوم پرست جماعتوں کے لوگوں نے انہیں ووٹ نہیں دیا پیپلز پارٹی اپنے ووٹرز کو گھروں سے نکالنے میں کامیاب ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کے امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو پارٹی کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستا ن میں مخلوط حکومت بنائیں گے وہ کوئی بھی پارلیمانی جماعت ہو سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ کے امیدوار کا فیصلہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، صوبے میں مخلوط حکومت بنائیں گے، سردار سربلند جوگیزئی

ٹیگز:
سردار سربلند جوگیزئی
