کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر غزالہ گولہ اور جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں جلسے کی کامیابی پر پارٹی قیادت اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے پارٹی رہنماؤں اور قیادت نے ہر دو رمیں قربانیاں دیں، جیلیں کاٹیں، اذیتیں برداشت کیں اور جانوں کے نذرانے پیش کئے یہی وجہ ہے کہ آج پیپلزپارٹی تناور درخت بن کر ملک میں غریب مزدور، ہاری کسانوں کیلئے خوش حالی کی نوید لے کر آرہی ہے ہر دو رمیں پیپلزپارٹی نے غریب عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ عوام پیپلزپارٹی کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں یوم تاسیس کے موقع پر کامیاب جلسے کے انعقاد پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی،ضلعی اور ونگز کے عہدیداران اور کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں کوئٹہ میں ہونے والے جلسے میں بھر پورشرکت کرکے یہ بات ثابت کردی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کے دلوں میں بستی ہیں جنہیں انکے دلوں سے نکالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی پارلیمانی جماعت بن کرسامنے آئے گی۔
پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے،غزالہ گولہ

ٹیگز:
غزالہ گولہ
