کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے 30نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام کا اعلان کرکے بلوچستان کے جیالوں کے دل جیت لئے ہیں،کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا پارٹی کے جیالے جلسے کی کامیابی کیلئے پرجوش ہیں اور اپنے قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کریں گے،جلسے کی کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں جلد تشکیل دی جائیں گی۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی،جنر ل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،حاجی خان محمدبڑیچ،ثناء اللہ جتک،قاسم اچکزئی،محی الدین رند، سابق صوبائی و زیر میرظہور بلیدی، سابق وفاقی وزیرسردار عمر گورگیج،سردار نوراحمد بنگلزئی،سید حسنین ہاشمی،کوئٹہ ڈویژن کے صدرخیرمحمد ترین،کوئٹہ ڈسٹرکٹ کے صدر نصیب اللہ شاہوانی،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،سردار عمران بنگلزئی، حسین بخش بنگلزئی، حیدرجمالی،یونس ملازئی، غزالہ گولہ، زرینہ زہری، ربانی خلجی،شاہجہان گجر، جبارخلجی،آفس سیکرٹری اختر بلوچ، یونس ملازئی،منور لانگو،درمحمد ہزارہ،ارباب اسد کاسی،انجینئر ہادی عسکری،سید ایوب آغااوردیگر نے اتوار کو پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے دفتر میں صوبائی کابینہ،بلوچستان کے تمام اضلاع کے صدور،جنرل سیکرٹریز،سیکرٹری اطلاعات اورونگز کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جس نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اورآمریت کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا جیالوں نے ملک کو مشکل سے نکلنے کے لیے آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی بقاء کی خاطر بھرپور کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فیڈریشن کی سیاست پریقین رکھتی ہے اور جب بھی پارٹی برسراقتدار آئی چھوٹے صوبوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا اور اقتدار کے دوران لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جبکہ سابق نا اہل اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والی جماعت نے نوجوانوں کو روزگار اور مکان کی فراہمی کی بجائے بے روزگار اور بے گھرکیا۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کوئٹہ میں مرکزی جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے انشاء اللہ کوئٹہ میں 30نومبرکو ہونے والا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پورجدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے لئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کوذمہ داری سونپی گئی ہے وہ جلد کوئٹہ آکر جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے صوبائی قیادت اور ونگز سے ملاقاتیں کریں گے اور جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

