لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سوئی ناردرن گیس کے 62 ویں سالانہ اجلاسِ عام میں شیئر ہولڈرز نے 30 جون 2026 ءکو ختم ہونے والے مالی سال کے سالانہ پڑتال شدہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری دے دی۔ کمپنی نے لیوی اور انکم ٹیکس سے قبل 34,656 ملین روپے منافع حاصل کیا، جو گزشتہ مالی سال کے 24,446 ملین روپے کے مقابلے میں تقریباً 42 فیصد زیادہ ہے۔کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 14,809 ملین روپے رہاجس کے نتیجے میں فی حصص آمدن 23 روپے 35 پیسے رہی جبکہ مالی سال 25-2024 میں بعد از ٹیکس منافع 14,592 ملین روپےاور فی حصص آمدن 23 روپے 01 پیسہ ریکارڈ کی گئی تھی۔شیئر ہولڈرز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر 30 جون 2026 ءکو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے فی حصص 3.00 روپے (30 فیصد) حتمی نقد منافع کی بھی منظوری دی۔ مزید برآں، مالی سال 27-2026 کے لیے میسرز اے۔ ایف۔ فرگوسن اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، کی بطور بیرونی آڈیٹرز تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔
مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی: دورانِ سال کمپنی کے مجموعی غیر محسوب گیس (یو ایف جی) کے نقصانات 29,521 سے کم ہو کر 27,848 ایم ایم سی ایف رہ گئے ہیں جو 1,673 ایم ایم سی ایف کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں ۔ یہ کمی کمپنی کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور گیس کے نقصانات پر قابو پانے کے لیے جاری کوششوں کی عکاس ہے۔30 ستمبر 2026 ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے 3,612 ملین روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 3,446 ملین روپے کے مقابلے میں 4.82 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران فی حصص آمدن بھی 5.43 روپے سے بڑھ کر 5.70 روپے ہو گئی۔ منافع میں اس بہتری کی بنیادی وجوہات غیر محسوب گیس (یو ایف جی) کے نقصانات میں کمی اور سپر ٹیکس کی شرح میں کمی تھیں۔ غیر محسوب گیس (یوایف جی) کے نقصانات 4.67 فیصد سے کم ہوکر 3.53 فیصد رہ گئے۔ اجلاس کے دوران شیئر ہولڈرز کے ساتھ ایک تعمیری نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں ان کی قیمتی تجاویز کو نوٹ کیا گیا اور تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین جناب محمد اسماعیل قریشی نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز جناب سعادت علی خان، جناب احمد چنائے، اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب عامر طفیل بالمشافہ شریک ہوئے۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (سروسز) جناب فیصل اقبال، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) جناب ثاقب ارباب، چیف فنانشل آفیسر جناب کامران اکرم اور سینئر جنرل منیجر (کارپوریٹ افیئرز) / کمپنی سیکریٹری جناب امتیاز محمود بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کرنے والے ڈائریکٹرز میں محترمہ فاریہ رحمان صلاح الدین، جناب ڈاکٹرعلی حسنین، جناب طارق اقبال خان، جناب عبدالراشید جوکھیو اور جناب سید ذکریا علی شاہ شامل تھے۔ کمپنی کی سینئر انتظامیہ نے بھی سالانہ اجلاسِ عام میں شرکت کی۔

