بوستان(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین و رُکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ سیاسی، جمہوری اور مذہبی قیادت کارکنوں اور سیاسی جمہوری قوتوں کے خلاف جعلی ابن الوقت حکمرانوں کی غیر آئینی،غیر قانونی ناروا پالیسیاں اور اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں، مولانا فضل الرحمٰن صاحب کی لاہور اور سرگودھا میں مختلف پروگراموں میں شرکت پر بندش اور انہیں نظربند رکھنے کا اقدام کسی صورت قابل قبول نہیں غیور عوام آل پارٹیز کے پلیٹ فارم سے جاری جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیکر پشتونخواوطن پر مسلط جعلی دہشتگردی، بدامنی، لاقانونیت کے خاتمے اور اپنے معدنی وسائل پر قومی کنٹرول حاصل کرنے کی وطن دوست جدوجہد اور تحریک کا ساتھ دیں ، وہ بوستان میں پارٹی کے علاقائی کانفرنس کے کھلے سیشن سے خطاب کررہے تھے جس سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ صابر اور ضلعی سیکرٹری محمود ریاض نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و ضلعی سیکرٹری ضلع پشین محمود ریاض نے کی، سٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلعی ڈپٹی سیکرٹری عظیم تارن اور سمیع اللہ بازئی نے سرانجام دیئےجبکہ رحیم کاکڑ اور بلال خان نے اشعار پیش کیئے اور تلاوت کلام پاک کی سعادت پارٹی کارکن سمیر احمد نے حاصل کی ، کانفرنس میں گزشتہ سالوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی اور حاجی لعل گل بوستانی و مولاداد خان کاکڑکی قیادت میں 13 رکنی ایگزیکٹیوز کا انتخاب عمل میں لایا گیاجس سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواوطن پر مسلط جعلی دہشتگردی، بدامنی، لاقانونیت، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور جعلی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی پشتون دشمن پالیسیوں اور پشتون دشمن اقدامات نے پشتون عوام کوبدترین اذیت ناک صورتحال اور مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے سوات سے لیکر وزیرستان اور ژوب سے لیکر کوئٹہ تا سبی تک پشتون عوام کی نسل کشی اور قتل عام جاری رکھا گیا ہے اور پشتون عوام کو اس ملک کے شہری تک تسلیم نہیں کیئے جاتے بلکہ پشتون وطن کی قومی وحدت کو تقسیم رکھ کر اُن کی سیاسی، معاشی ، ثقافتی واک واختیار چھین لیا گیا ہے اور پشتون قوم کو ناقابل برداشت قومی محکومی کا سامنا ہے، مسلط جعلی دہشتگردی کی جنگ میں ایک لاکھ سے زائد پشتون عوام کا قتل عام کیا جاچکا ہے اُن کے شہروں، بازاروں، گھروں اور اُن کے علاقوں کو تباہ وبرباد کرتے ہوئے اُن میں موجود انفراسٹرکچر نیست ونابود کردیا گیا ہے اور انہیں لاکھوں کی تعداد میں آئی ڈی پیز بنا کر اپنے وطن اور ملک کے مختلف گوشوں میں اذیت ناک مسافرانہ اور غربت پر مبنی زندگی گزار نے پر مجبور کردیئے گئے ہیں اور پشتون عوام کے ساتھ اپنے وطن سمیت ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں میں تیسرے درجے کے شہری کا تعصب پر مبنی رویہ اور منفی طرز عمل اختیار کیا جا چکا ہے جو مزید ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالادست قوم اور اُن کے استعماری ادارے پشتونخوا وطن کے کھربوں ڈالر کے معدنی وسائل کی لوٹ مار جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ سب کچھ جعلی الاٹمنٹوں کے ذریعے پشتونخوا وطن کے پہاڑی سلسلوں، زرخیز میدانوں، جنگلات اور زمینوں پر قبضے جاری رکھے ہوئے ہیں اورملکی آئین کے تحت وفاقی وحدتوں کو حاصل اختیارات اور حقوق کو تسلیم نہیں کیا جارہا لہذا یہ سنگین صورتحال پشتون افغان ملت کو ہر قسم کے اختلافات بھلاکر متحد و منظم ہونے اور تسلسل کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کے پلیٹ فارم سے جاری تحریک کی حمایت تمام پشتون غیور عوام پر فرض ہیں کیونکہ یہ تحریک مسلط جعلی ابن الوقت حکمرانوں کی اقوام و عوام دشمن پالیسیوں و اقدامات کے خلاف واضح پروگرام کے ساتھ محکوم اقوام و مظلوم عوام کی نمائندگی کررہا ہیں۔ انہوں نے عوام سے وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کی جانب سے جو بھی احتجاج کا اعلان ہوگا تو غیور عوام اُس کا بھرپور ساتھ دینگے جس طرح 19 نومبر کو تاریخی شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنا کر موجودہ جعلی حکمرانوں کے خلاف اپنی مخالفت کا بھرپور اظہار کیا، عوام نے ہاتھ اُٹھا کر چیئرمین کی تائید کی۔ ا نہوں نے کہا کہ پارٹی اداروں کے بروقت کانفرنسوں کا انعقاد اُن میں کارکنوں کی بھرپور شرکت اور نئے عہدیداروں کا انتخاب پارٹی کو مزید وسیع اور منظم کرنے کا باعث بنے گی، نومنتخب عہدیداروں، کارکنوں نے پارٹی نظم وضبط کے ساتھ اپنے اداروں کے بروقت اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بناتے ہوئے عوامی رابطہ مہم اور عوامی مسائل حل کرنے میں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمٰن کو نظربند رکھنے کا اقدام جمہوری آزادیوں کے منافی ہے، خوشحال خان کاکڑ

ٹیگز:
خوشحال خان کاکڑ
