کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر)ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی،نائب صدر سید عبدالاحد آغا ودیگر نے کوئٹہ میں بلیلی کے علاقے سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر ممبر و ممتاز تاجر نصیب اللہ اچکزئی کی اغوا کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان کی بحفاظت فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے بلوچستان میں صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سے دن دہاڑے ممتاز تاجر حاجی نصیب اللہ اچکزئی کا اغوا قابل حیرت ہے بلکہ اس سے سیکورٹی کی صورتحال پر بھی کئی سوالات اٹھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صوبے اور ملک میں معاشی خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ وہاں کی صنعت و تجارت،زراعت،گلہ بانی و دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جائے مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ بلوچستان میں ایسا دیکھائی نہیں دیتا جس کا واضح مثال ممتاز تاجر حاجی نصیب اللہ اچکزئی کا اغوا ہے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال پر صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد اور بزنس کمیونٹی کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ اس کے خلاف احتجاج کا جمہوری حق استعمال کیا جائے گا اور سلسلے میں بلوچستان کی بزنس کمیونٹی متحد ہے اور وہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ممتاز تاجر حاجی نصیب اللہ کی بحفاظت بازیابی کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر صوبے کی بزنس کمیونٹی یک آواز ہوکر احتجاج کیلئے میدان عمل میں ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔
ایوان صنعت وتجارت کا ممتاز تاجر حاجی نصیب اللہ اچکزئی کے اغواء کی مذمت

ٹیگز:
ایوان صنعت وتجارت
