کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک اب گالم گلوچ کی سیاست پر نہیں چل سکتا پاکستان کو آگے لیکرجانے کیلئے بات چیت کی سیاست کو آگے لانا ہوگا الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ قانون کے مطابق سوچ سمجھ کر کیا ہوگا کوشش ہے کہ بلوچستان میں ایسے لوگوں کوسامنے لائیں جو صوبے عوام کے مسائل کوحل کرنے کے ساتھ ساتھ گڈگورننس کے قیام،کرپشن اورسمگلنگ کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کرسکیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو سراوان ہاؤس کوئٹہ میں سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کی دعوت دینے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدرشیخ جعفرخان مندوخیل،نوابزادہ میر ہمایوں عزیز کرد،جمال شاہ کاکڑ،چوہدری نعیم کریم،نصیر خان اچکزئی،وہاب اٹل،نسیم الرحمن ملاخیل اوردیگر بھی موجود تھے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز کے خاندان کا نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے 50سال سے زائدعرصے پر محیط تعلقات ہیں یہ سیاست سے ہٹ کر نہ ختم ہونے والا تعلق ہے نواز شریف کی جانب سے حاجی لشکری کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی لشکری رئیسانی پاکستان کی بات کر تے ہیں وہ ایک ایسا مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں محرومیاں، مشکلات ختم ہوں اور سیاست مستحکم ہو۔انہوں نے کہا کہ حاجی لشکری رئیسانی نے سمگلنگ پر بھی تشویش کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے لوگ جو سمگلنگ میں ملوث ہیں انکی وجہ سے پاکستان اور بلوچستان کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے انکا راستہ روکنا چاہئے اور عوام کو ریلیف دینا چاہئے صوبے میں آئین،قانون کی بالادستی ہو اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے حاجی لشکری رئیسانی نے اپنے دوستوں سے مشاورت کرکے ہمیں جواب دینے کیلئے وقت مانگا ہے اور وہ نہ عہدے اور نہ لالچ کی سیاست کرتے ہیں وہ ایک نظریاتی سیاستدان ہیں جن کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پارٹی کیلئے بھی باآور ثابت ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ آنا ایک اچھی خبر ہے کہ الیکشن کا عمل شروع ہوگیا ہے مسلم لیگ(ن)نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں میاں نواز شریف بلوچستان کا دورہ کریں گے جس کے بعدیہاں سے بھی امیدواروں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کا اختیار ہے ہم اس پر بات نہ کریں تو بہتر ہے الیکشن کمیشن نے جو بھی فیصلہ لیا ہوگاوہ سوچ سمجھ کر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا ہوگاایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں مسلم لیگ(ن)نے جو معاہدہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں سے کیا تھا وہ ملک گیر سطح کا تھا ہمارا آج بھی موقف ہے کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے ہم قانون،قاعدے اور ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں ایک سلسلہ چل پڑا ہے کہ کوئی الیکشن ہار جائے تو وہ نتائج نہیں مانتااگر وہ جیت جائے تو سب ٹھیک ہوتا ہے ملک میں لیول پلینگ فیلڈ ہے میاں نواز شریف نے یہ واضح کردیا ہے کہ پاکستان میں اب گالم گلوچ نہیں بلکہ اخلاقیات اور بات چیت کی سیاست کو آگے لانے کی ضرورت ہے ہم سب کو ملکر ملک کو ٹھیک کرنا ہے بلوچستان میں بیڈگورننس،کرپشن اور غیرقانونی کاموں کا راستہ روکنا ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان طاقت نہیں بلکہ آئین اورسیاسی عمل سے ٹھیک ہوگا پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے پر مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور ایاز صادق کا شکر گزار ہوں ہم اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان محرومیوں،خون ریزی،کرپشن،غیرسیاسی لوگوں کو مسلط کرنے کا شکار رہا ہے صوبے کے مسائل اور محرومیوں کے خاتمے کیلئے سیاسی لوگوں کو موقع دیا جانا چاہئے جو عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال ہے اسمگلنگ ختم ہوگی تو یہاں خوشحالی آئے گی بلوچستان کیلئے سیاسی،معاشی،معاشرتی اور آئینی پیکج دینے کی بات کی ہے تاکہ یہاں کے عوام کا اعتماد بحال ہو۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی بلوچستان کے صف اول کے سیاستدان ہیں صوبے میں کچھ عرصے سے جو ترتیب چل رہی ہے ہماری کوشش ہے کہ ہم اچھے لوگ سیاستدان میں آگے لائیں جو صوبے کا غم اور ذمہ داری سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ 14سے 16لوگ مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کی حامی بھرچکے ہیں جو میاں نواز شریف کی آمد پر باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے شہر کو بہتر بنائیں ہم ایسے لوگ سامنے لانا چاہتے ہیں جو کوئٹہ اورصوبے کو ترقی دیں۔
میاں نواز شریف کے خاندان کا نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے 50سال سے زائدعرصے پر محیط تعلقات ہیں، سردارایاز صادق

ٹیگز:
سردارایاز صادق
