کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو رضا کارانہ طور پر وطن واپسی کیلئے دی جانے والی مہلت ختم ہوگئی،غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون یکم نومبرسے شروع ہوگا،ایک ماہ کے دوران بلوچستان سے تیس ہزار غیر قانونی تارکین وطن وا پس چلے گئے ہیں۔کمشنر افغان ریفوجیز کے مطابق بلوچستان میں تین لاکھ 14ہزار افغان مہاجر ین کے پا س پی او آر کارڈ ز ہیں جبکہ دو لاکھ 74 ہزار افغان باشندے ایسے ہیں جن کے پاس افغان سیٹزن کارڈ ہے، ڈھائی سے تین لاکھ افغان مہاجرین بلوچستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، اس سلسلے میں صوبائی وزیر اطلاعات جان محمد اچکزئی کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے تارکین وطن کے انخلا کیلئے دی جانے والی ڈیڈ لائن پوری ہوگئی ہے،آج سے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جائیگا غیر قانونی تارکین کی جائیداد کو سیل کیا جائیگا اور غیر قانونی تارکین وطن کو جگہ اور ملازمت دینے والوں کیخلا ف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں تین مقامات سے غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا جائے گا،پنجاب اور سندھ سے آنے والے تارکین وطن کو کوئٹہ کے دو سنٹروں پر رکھا جائے گا جہاں انہیں تمام ترسہولیات دی جائیگی۔ جان اچکزئی نے بتایا کہ مکران میں رہنے والے ایران او ر عراق کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھی ملک سے نکال دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 30 ہزار افغان باشندے افغانستان واپس جا چکے ہیں،کمشنر افغان ریفوجیز کے مطابق رواں سال 8 ہزار افغان باشندے قانونی طور پر افغانستان گئے ہیں جن میں زیادہ تر باشندے پچھلے دو ماہ میں وطن واپس گئے ہیں۔
غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو وطن واپسی کیلئے دی جانے والی مہلت ختم یکم نومبرسے کریک ڈاون شروع

ٹیگز:
تارکین وطن
