اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراء، مشیران، ارکان اسمبلی کو سرکاری گھر خالی کرنے اور تمام سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کا حکم جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم، وزرائےاعلیٰ اور کابینہ ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں جبکہ اداروں میں بھرتی ہونے والے سیاسی شخصیات کی ملازمت ختم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نگران حکومتوں کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور کابینہ ارکان سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی نگران حکومتیں قانون کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر معاملات چلائیں اور الیکشن میں دباؤ اور خلل ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔
خط میں کہا گیا ہے قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں، اسمبلی تحلیل کے بعد الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن نے آئینی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، نگران حکومتیں صاف شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت یقینی بنائیں۔

