ماہی گیرسمندر کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان سے اس حوالے سے مشاورت کی جائے، میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ساحلی پٹی پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کمشنر مکران اور کمشنر قلات ڈویژن کو سمندری طوفان کے چیلنج سے نمٹنے کے اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے ساحلی پٹی پر ہائی الرٹ کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سول انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں میں مربوط کوآرڈینیشن قائم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیر سمندر کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان سے اس حوالے سے مشاورت کی جائے وزیر اعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متوقع صورتحال کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تیاری پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم مشینری اور امدادی سامان کے ساتھ گوادر میں موجود ہے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور سمندری طوفان میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے