میاں نوازشریف کے شیر ہیں اسی لیے شیر والا ماسک پہنا،رانا ثنا اللہ
رانا ثنا اللہ شیر والا ماسک پہن کر خواجہ آصف سے اظہار یکجہتی کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئے، صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب کہتے ہیں کہ میاں نوازشریف کے شیر ہیں اسی لیے شیر والا ماسک پہنا، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ شیر والا ماسک پہن کر احتساب عدالت پہنچے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ یہ ماسک خصوصی طور پر تیار کروائے ہیں، میاں نوازشریف کے شیر ہیں لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر سب کو احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں۔انہوں نے گفتگو کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر دیتے ہوئے کہا کہ اس موذی وائرس سے چھٹکارے کیلئے بالخصوص ماسک سب کو پہننا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس پر جسٹس ر عظمت سعید کی سربراہی میں کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتے، چور چور کا شور مچانے والا پکڑا جا چکا ہے اور اب یہ کہیں نہیں بھاگ سکتا۔ اس میں اعتراف جرم کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس اس کو سزا دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا کہ انڈین اور اسرائیلی لابی کی فرم سے ان کو پیسے ملتے رہیں، پوری قوم حیران تھی کہ ستر سال کےبعد کشمیر کو بھارت نے ہڑپ کر لیا۔ حکمران آٹا چور چینی چور بجلی چور ہیں ان کی حقیقت عوام کے سامنے آچُکی ہے ۔