عمران خان تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا شخص اور زکوٰۃ و چندہ چور نکلا،بلاول بھٹو

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا شخص نکلا، ہر ایک کو چور کہتا ہے خود زکوٰۃ اور چندہ چور نکلا، اپنا کچن شوکت خانم سے چلاتا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یہ بات ملیر میں نو منتخب رکن اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کی رہائش گاہ پر اظہار تشکر کے لیے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ضمنی انتخاب میں پی پی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالحکیم بلوچ کو کامیاب کرا کر بتا دیا گیا ہے کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے، میں جیالے کارکنوں کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملیر کے عوام نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، ملیر کے عوام نے ضیاء الحق اور مشرف کا مقابلہ کیا ہے، آپ نے ضمنی انتخاب میں کٹھ پتلی اور نااہل شخص کو تاریخی شکست دی ہے۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ کہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا، اگر ہاتھ میں کچھ نہیں تھا تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس کے جھوٹ کو پہچان چکے ہیں، عمران خان کی سیاست نفرت اور پیپلزپارٹی کی محبت کی سیاست ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان جیسے سیاستدانوں کو ہمیشہ کیلئے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے، عالمی اداروں نے کہا کہ سب سے زیادہ کرپشن عمران خان کے دور میں ہوئی، عمران خان نے خیرات کے نام پر ملنے والی رقم ہڑپ کر لی، وقت آگیا ہے کہ عمران خان اب سیاست ختم کر کے بنی گالہ میں باقی زندگی گزارے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف الزامات لگانا چاہتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018 میں آپ کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا تھا، عمران خان کی ناکامی کا سارا بوجھ آپ اٹھا رہے تھے، ملیر کے عوام نے ہمیشہ اپنے حق کا دفاع کیا ہے، ہم مل کر ملیر اور کراچی کے عوام کی خدمت کریں گے، ہم پورے پاکستان کے عوام کی بھی خدمت کریں گے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور ہمارے اتحادیوں کا بھی شکر گزار ہوں، ہم نے مل کر سلیکٹڈ کو شکست دی ہے، ایک کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کیا، اقتدار میں آکر لوگوں سے روزگار چھین لیا، عمران خان نے لاکھوں گھر بنانے کا وعدہ کر کے لوگوں کے سر سے چھت چھین لی، عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے خارجہ پالیسی متاثر ہوئی، ہم سب نے مل کر اس سلیکٹڈ کو شکست دلوائی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملیر کے ترقیاتی کام وقت پر مکمل کریں گے، ملیر میں اسپتال اور یونیورسٹی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے