کراچی پریس کلب میں بچوں کیلئے 2 روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کیلئے 2 روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں کیا گیا۔

کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری محمد رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکریٹری محمد اسلم خان، ممبر گورننگ باڈی خلیل احمد ناصر، سید اطہر حسین، منیر عقیل انصاری، نذیر احمد عباسی، عادل احمد، محمد عاصم بھٹی، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن، کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاء جسٹس (ر) حسن فیروز، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید اختر میر، صوبائی خازن محمد حسین مرزا، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی، قاضی ناصر، گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو 2 روزہ تربیت دینے والے تربیتی اراکین (اسکاؤٹ لیڈرز ٹرینر) آصف محمود احمد مرزا، عالم صائم، مرزا شبیر مقصودی، عظمیٰ وقار، نصرت فاطمہ، ناصر جمال، مصعب بیگ، سعید احمد اور جامعہ کراچی اسکاؤٹس لیڈر و ریسکیو اسپیشلسٹ انسٹرکٹر حمزہ مبین سمیت صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کیلئے 2 روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا ہفتہ کی صبح آغاز کیا گیا، بچے 2 روز تک خیموں میں رہے اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا، تربیت کے دوران بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کیلئے انہیں کردار سازی کے مختلف اْمور سے روشناس کرایا گیا۔

کیمپ میں شرکت کیلئے بچے ہفتہ کی صبح اور بچیاں اتوار کی صبح بڑے جوش و خروش کے ساتھ گلستان اسکاؤٹ پہنچے، جہاں پر سینئر اسکاؤٹ لیڈرز نے بچوں کو تربیت فراہم کی ہیں، اس طرح کی تربیت بچوں کی ذہنی، جسمانی نشوونما کیلئے کار آمد ہوتی ہے، 2 روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں 100 سے زائد بچوں، جس میں 65 طلبہ اور 37 طالبات نے شرکت کی۔

طلباء کو اسکاؤٹس کی بنیادی تربیت کے ساتھ بون فائر، کمانڈو ریس’ ایمرجنسی رسپانس’ مسینجر آف پیس، ایڈوینچر ٹریل سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیاں کرائی گئیں۔ کیمپ میں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ یہاں آکر ہمیں بہت مزہ آیا اور بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں، بچوں نے اس طرح کے مزید اسکاؤٹنگ کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے کہا کہ اسکاؤٹ کیمپ کا مقصد بچوں میں چھپی صلاحتیوں کو سامنے لانا ہے، اسکاؤٹنگ بچوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے جبکہ اس سے بچوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں معاشرے کی بہتری کیلئے استعمال کرنا ہے۔سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اورکراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے دروازے معاشرے کے نوجوانوں کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اسکاؤٹس لیڈرز کا شکریہ اد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال یا آفت جیسے مشکل حالات میں جینے کا اعتماد اور حوصلہ دینا ہے، مجھے امید ہے کہ اس اسکاؤٹ کیمپ میں 2 روز گزار کر جانے والے طلباء کو عملی زندگی میں اس کا فائدہ ہوگا اور بچوں میں لوگوں کیلئے خدمت کا جذبہ مزید ابھرے گا۔

سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کیلئے 2 روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں بچوں میں قائدانہ کردار، مل جل کر کام کرنے، خود انحصاری اور کئی اہم مہارتوں کے بارے میں تربیت فراہم کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے