کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین تک حکومتی امداد کو پہنچانے اور انکی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی نگرانی کور کمانڈر بلوچستان اور چیف سیکرٹری خود کریں کیونکہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو صوبے کے تمام اضلاع میں بلا تعصب متاثرین کیلئے حکومتی امداد بھیج رہے ہیں لیکن بعض ارکان صوبائی اسمبلی ان کی ان مخلصانہ کاوشوں کو سبوتاژ کررہے ہیں اور یہ امداد اپنوں میں بانٹ کر اپنے سیاسی مخالفین کو نظر انداز کررہے ہیں۔ حکومتی امداد کے اس عمل کو صاف شفاف بنایا جائے اور سیاسی مقاصد سے ہٹ کر حقداروں کو ان کا حق دیا جائے اور یہ امداد ایف سی اور دیگر حکومتی اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائے اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ تمام محکموں کو ہدایت جاری کریں کہ بھرتیوں کے عمل کو صاف و شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کرائیں تاکہ صوبے میں بے روزگاری میں کمی آئے اور جہاں میرٹ کی خلاف ورزی ہو وہاں چیف جسٹس خود سوموٹو ایکشن لیکر کارروائی کریں۔ یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہے بلوچستان سمیت ملک میں دو سال تک کرونا نے تباہی پھیلائی اسکے بعد مہنگائی کا ہائیڈروجن بم گرا اور اب اللہ تعالیٰ کی طرف سے سیلاب کی شکل میں قہر نازل ہوا، یہ ہمارے اعمال کی سزا ہے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ رحم فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پنجاب اور کے پی کے ہم سے بہتر ہیں لیکن بلوچستان کی صورتحال انتہائی خراب ہے کیونکہ صوبے میں بے روزگاری، بھوک و افلاس اور غربت نے پہلے ہی پنجے گاڑ رکھے ہیں، کرونا،مہنگائی اور پھر اب سیلاب نے جو تباہ کاریاں کی ہیں وہ یہاں کے لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگیا ہے، مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں نان شبینہ کے محتاج یہاں لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے امداد کے منتظر ہیں اگر ان کی داد رسی نہ ہوئی تو پھر ایک ایسا انسانی المیہ یہاں جنم لے گا کہ کسی کے تصور میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی سطح پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو جوکہ ایک ایماندار اور مخلص شخص ہیں ان کی کوشش ہے کہ حکومتی امداد حقداروں تک پہنچے لیکن بعض ارکان اسمبلی ان کی ان کاوشوں اور مخلصانہ اقدامات کو سبو تاژ کررہے ہیں، سیاسی مخالفین کو نظر انداز کرکے حکومتی امداد اپنوں میں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے جوکہ نا انصافی کے ساتھ ساتھ غیر انسانی سلوک کے زمرے میں آتا ہے لہذا میری یہ اپیل ہے کہ کور کمانڈر بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان حکومتی امداد کی نگرانی خود کریں اوریہ امداد ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے تقسیم کریں اور انتظامیہ کو اس عمل سے دوررکھیں جو کہ ارکان اسمبلی کے زیر اثر ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور ایک ایماندار اور مخلص شخص ہیں بلوچستان کے عوام کو ان پر فخر ہے وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں ہمیں یقین ہے کہ حکومتی امداد کی تقسیم کو صاف و شفاف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے بھی اپیل کی کہ وہ عدالت میں مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے زیر سماعت کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کے احکامات جاری کریں اور مختلف محکموں میں صاف و شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے محکموں کو واضح ہدایات جاری کریں اور جہاں بھی انہیں میرٹ کی خلاف ورزی اور پامالی کی شکایت ملے سوموٹو ایکشن لیکر کارروائی عمل میں لائیں تاکہ صوبے میں بے روزگاری کا جن قابو میں آسکے۔
سیلاب متاثرین تک حکومتی امداد کوپہنچانے کی نگرانی کور کمانڈراورچیف سیکرٹری خود کریں،عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
عبدالکریم نوشیروانی
