وزیراعظم شہباز شریف کا ڈپارٹمنٹل اسپورٹس پر پابندی ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ اور اسلامی یک جہتی گیمز میں قومی ایتھلیٹس کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس پر عائد پابندی ختم کر رہے ہیں۔

دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں فتح حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب کھیل کے میدان میں اور بھی مقام و کامیابیاں حاصل کریں گے اور قوم کے ہونہار کھلاڑی آپ سے متاثر ہوکر مزید محنت کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ بچے ہونہار اور ہمت والے ہیں جن کا تعلق امیر گھرانوں سے نہیں بلکہ غریب گھرانوں سے ہے مگر یہ عظیم پاکستانی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح ملک میں دیگر باصلاحیت بچوں کو تلاش کریں گے تو یہ ملک کی بڑی خدمت ہوگی۔وزیراعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوح دستگیر بٹ، شاہ حسین، شریف طاہر، ارشدندیم اور دیگر ایتھلیٹس کو نقد انعامات سے نوازا۔دولت مشترکہ اور اسلامی یک جہتی گیمز میں گولڈ میڈیل حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کی طرف سے مثالی گاؤں اور اسکول اور ہسپتال بنانے کے مطالبے پر وزیر اعظم نے کہا کہ مثالی گاؤں پر کسی وقت میں ایک پالیسی تشکیل دی گئی تھی، مگر اس کو ختم کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مگر مثالی گاؤں کہنے کے بغیر آپ (ارشد ندیم) اور دیگر ایتھلیٹس کے گاؤں میں بھی تمام سہولیات فراہم کریں گے۔وزیر اعظم نے کانسی کے میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس سے مخاطب ہوکر کہا کہ امید ہے کہ آئندہ سال آپ سب گولڈ کا تغمہ جیتیں گے اور جنہوں نےگولڈ میڈل جیتا ہے وہ پلیٹنیم تغمہ جیتیں گے اسی طرح آپ ہمت کریں تو ترقی آپ کے قدم چومے گی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پیش کی جانے والی انعامی رقم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، ہم ایسا کریں گے مگر اس وقت ملک بڑے چیلنجنگ وقت سے گزر رہا ہے کیونکہ پورے ملک میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے اور جس طرح سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے اور ہمیں اس کے لیے مزید اقدامات کرنے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں کروڑوں لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں مگر ہم ان کی امداد کے لیے کسی طرح بھی وسائل تلاش کرکے دوبارہ ان کو اپنے گھروں میں آباد کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محکمہ جاتی کھیلوں پر جو پابندی عائد کی گئی تھی وہ میں آج ختم کر رہا ہوں تاکہ محکموں میں مزید مقابلہ بڑھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ حکومت نے ملک میں تمام سرکاری محکموں، کارپوریشنز اور خودمختار اداروں کو 30 مختلف کھیلوں کی ٹیموں کو فنڈنگ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ جاتی کھیلوں پر پابندی عائد کردی تھی۔حکومت کے اس فیصلے کے بعد محکمہ جاتی کھیلوں سے منسلک ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے تھے۔وزیراعظم شبہاز شریف نے منصب سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وہ نوجوانوں میں صحت مندانہ مقابلے کی سرگرمیوں کے لیے محکمہ جاتی کھیل بحال کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے