باہر بیٹھے لوگوں سے بھی بات چیت کے لئے رابطے جاری ہیں، وزیراعلیٰ بلو چستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجوکی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلو چستان نے بریفنگ دی، اجلاس میں امن و امان برقرار رکھنے،نیشنل ایکشن پلان میں شامل صوبے سے متعلق نکات پر انکی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے،آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن اور تصدیق کے لئے محکمہ داخلہ میں خصوصی سیل کے قیام اور سیف سٹی پراجیکٹ کی فوری تکمیل کے لئے بھی حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کافیصلہ کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے ہد ایت کی کہ قانون کے نفاذ کے زمہ دار اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن اور معلومات کے تبادلہ کے نظام کو صوبے اور ضلع کی سطح پر مستحکم بنایا جائے، انہوں نے کہاکہ عوام کی جان مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں پیٹرولنگ میں اضافہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک اور فعال رکھا جائے،حکومت صوبے میں بہتر ماحول کے قیام کے لئے سب سے بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہاکہ ملک سے باہر بیٹھے لوگوں سے بھی بات چیت کے لئے رابطے جاری ہیں،نوجوانوں کی سوچ صیح سمت میں رکھنا حکومت اور معاشرے کی زمہ داری ہے، نوجوانوں کو تخریبی اور غیر صحمتندانہ سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے معیاری تعلیم،فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرینگے۔