دشمن کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، سینیٹرثمینہ

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) کنوینئرذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ہرنائی مچھ میں دہشت گردوں کے حملے میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور گوادر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے پر دستی بم حملے پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اس طرح کے بزدلانہ عمل سے پاکستانی قوم اور ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے انہوں نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کاظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے دہشت گردوں کی جانب سے اہلکاروں پر حملوں کا مقصد بلوچستان کے امن اور ترقی کے عمل کو روکنا ہے اس طرح کے بزدلانہ حملے ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کی کارروائی ہے جو نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن قائم ہو اوربلوچستان ترقی کرے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک کے نگہبانوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وطن کے لئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی دشمن کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ساری قوم ہماری سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے گوادر میں بابائے قوم محمد علی جناح کے مجسمے کو بم سے تباہ کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ہر پاکستانی کے لئے سب سے زیادہ قابل احترام ہیں اور ان کے مجسمے پر بم حملہ دہشت گرد عناصر کی ذہنی پستی اور بزدلی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے آلہ کارمفاد پرست عناصر چند ٹکوں کی خاطر بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں جن کو جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا اس طرح کے واقعات پاکستانی قوم کا عزم نہیں ڈگمگا سکتے انہوں نے بم حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورہم دہشت گردوں کو باور کرادینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے