کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں مسلط نام نہاد حکومت کی جانب تیل کی قیمتوں میں اضافے کو کھلی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے شدید تشویش اور مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ پہلے ہی مہنگائی کی لہر نے عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رکھا ہے اور اب پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹ، ریلوے، جہاز کے کرایوں،اشیائے خوردونوش اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا سبب بنے گااور اس صورتحال میں عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے اور پارٹی حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کل تک حکومت دعویٰ کررہی تھی کہ 28دنوں کا سٹوریج موجود ہے اور کوئی قلت کا سامنا نہیں لیکن رات گئے قیمتوں میں فی لیٹر 55روپے تک اضافہ، پٹرول پمپس کی بندش، پٹرول کی قلت نے بالخصوص سرکاری، نجی ملازمین، محنت کش طبقے اورہر شعبہ زندگی کے کرورڑوں غریب عوام کو سخت اذیت سے دوچار کردیا ہے اور ہفتہ وار جائزہ کمیٹی سے ایسا لگتا ہے کہ ہر ہفتے قیمتیں بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور عالمی سطح پر تیل کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ایسی حکمت عملی اختیار کرے جس سے عوام پر بھی کم سے کم بوجھ پڑے۔موجودہ حالات میں حکومت کا عوامی مشکلات، سخت ترین مہنگائی، بدترین بیروزگاری،بدامنی، سیاسی ومعاشی عدم استحکام کو نظر انداز کرنا غیر دانشمندانہ اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرکے ماہ مقدس رمضان میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی آ سکے۔#
نام نہاد حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو کھلی طور پر مستردکرتے ہیں ` پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
