پنجگور(ڈیلی گرین گوادر)پنجگور میں نوجوانوں کی پے در پے تشدد زدہ لاشوں کی برآمدگی نے انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران تشدد اور گولیاں مار کر قتل کیے گئے افراد کی برآمد شدہ لاشوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔اتوار کے روز مزید دو لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں پولیس نے سیاہ ماری کورک کے قریب سے تحویل میں لے کر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا جبکہ لاشوں پر تشدد کے آثار بھی پائے گئے ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک مقتول کی شناخت جنگیاں ولد عبدالرشید سکنہ پروم پنجگور کے نام سے ہوئی ہے جو سوشل ایکٹوسٹ ملک میران کے بھائی بتائے جاتے ہیں۔ دوسری لاش کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز برآمد ہونے والی ایک لاش تاحال عدم شناخت کی بنیاد پر ہسپتال میں موجود ہے۔لواحقین کے مطابق مقتول جنگیاں گزشتہ آٹھ سے نو ماہ سے لاپتہ تھے۔ واضح رہے کہ پنجگور میں ایک ہفتے کے دوران نو لاشوں کی برآمدگی سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ عوامی حلقوں خصوصا لاپتہ افراد کے لواحقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پنجگور میں ایک ہفتے کے دوران 9 تشدد زدہ لاشیں برآمد، صورتحال سنگین

ٹیگز:
پنجگور
