کوئٹ(ڈیلی گرین گوادر)، حکومت بلوچستان محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام چھٹا آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کے شاندار اور سنسنی خیز مقابلے کوئٹہ کے مختلف پانچ گراؤنڈز میں جاری ہیں۔ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ کے فٹبال گراؤنڈ میں آج ٹورنامنٹ کے سلسلے میں دو اہم گروپ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں AKD بنوں اور کنگ لیاری کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے، تاہم دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
دوسرے میچ میں YFC جامشورو اور بلوچ کلب نوشکی کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بلوچ کلب نوشکی نے شاندار اور یکطرفہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے YFC جامشورو کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں فٹبال شائقین نے ایوب اسپورٹس کمپلیکس کا رخ کیا اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا۔ شائقین نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کا شکریہ ادا کیا۔
فٹبال شائقین نے چیف منسٹر بلوچستان، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر فار اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز مینامجید بلوچ، سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز جناب درابلوچ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر یاسر خان بازئی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیویٹیز آصف لانگو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ ان کی کاوشوں سے اتنے بڑے اور تاریخی فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کوئٹہ میں ممکن ہوا۔شائقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی بلوچستان میں ایسے بڑے قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رہے گا، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

