کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزریر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیرِ خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی ہدایات اور چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی رہنمائی میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) کی جانب سے صوبے بھر میں ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں تاکہ خدمات پر سیلز ٹیکس کے نظام کو مزید مضبوط اور شفاف بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق بلوچستان میں قائم تمام ریسٹورنٹس جو تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور قانون کے مطابق ٹیکس نظام کا حصہ بنیں۔ ریسٹورنٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہر ٹیکس پیریڈ کی سیلز ٹیکس ریٹرنز بروقت فائل کریں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔مزید برآں ریسٹورنٹس کیلئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے آن لائن پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم کے ساتھ انضمام(انٹیگریشن)کو یقینی بنائیں اور ہر لین دین پر POS کے ذریعے قابلِ تصدیق (Verifiable) انوائس جاری کریں۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت، درست ریکارڈ اور کاروباری سرگرمیوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس کی مکمل رجسٹریشن، POS انٹیگریشن اور بروقت ٹیکس ادائیگی سے نہ صرف ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ صوبے کے محصولات میں بہتری آئے گی، جس سے عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹ مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ جرمانوں سے بچتے ہوئے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
صوبے بھر میں ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں، بلوچستان ریونیو اتھارٹی

ٹیگز:
بلوچستان ریونیو
