کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر ریاست کے دشمنوں اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے ٹھکانوں سے برآمد اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ان کے مذموم عزائم کا واضح ثبوت ہے اور اس کارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ریاست مخالف عناصر کو بلوچستان میں پناہ نہیں دی جائے گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں، جن کی بدولت بلوچستان میں امن و استحکام قائم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے رہیں اور دشمن کے سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دشمنی پر قائم رہنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا اور ریاست کی رِٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس کامیاب کارروائی میں شدید فائرنگ کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے اور برآمد شدہ اسلحہ و دھماکہ خیز مواد اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن بلوچستان میں تباہی پھیلانے کے درپے تھا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی ادارے بلوچستان میں بدامنی کی ہر کوشش کو ناکام بنا رہے ہیں اور عزمِ استحکام کے تحت صوبے میں کلیئرنس اور آئی بی اوز پوری رفتار سے جاری ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قومی دھارے میں آنے والوں کے لیے دروازے کھلے ہیں، تاکہ عوام امن اور خوشحالی کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دشمن کی ہر حرکت پر سخت اور فوری ردِ عمل ہوگا۔انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر امن اور ترقی کے خواب کو ہر صورت حقیقت بنایا جائے گا اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے تمام عناصر کو جڑ سے اکھاڑا جائے گا۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر عوامی نمائندوں اور سیکیورٹی فورسز کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن قائم رہے۔
عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
