بونیر (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اسلام جہاں خواتین کے فرائض کو کھول کر بیان کرتا ہے ، وہاں خواتین کے مکمل حقوق کا چارٹر بھی فراہم کرتا ہے ، جماعت اسلامی معاشرے میں اسلام کے عطا کردہ چارٹر کے نفاذ کی جدو جہد میں سب سے آگے ہے – جماعت اسلامی نے خواتین کو یہ شعور دیا ہے کہ معاشرے میں حق و انصاف کی بالا دستی متوازن معاشرے کے لیے اہم ترین ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نےجماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع بونیر کے زیرِ اہتمام لیڈر شپ سکول اینڈ کالج گاگرہ میں خواتین کے ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کے دوران کیا-ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین اگرچہ معاشرے میں بہت بڑی تعداد میں نہیں لیکن جہاں بھی ہیں ، باشعور اور پر عزم ہیں- ان کا کردار اصلاحِ معاشرہ میں نہایت مؤثر اور بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو تربیت کے وسیع نظام کے ساتھ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے- انہوں نے تاکید کی کہ خواتین سوشل میڈیا کو اصلاحِ معاشرہ کا ذریعہ بنائیں، اور دعوت کے میدان کو بڑے مقصد کے حصول کے لیے وسیع تر کر لیں تاکہ ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی احمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے نبوی مشن کی روشنی کو کفر کے اندھیروں پر غالب کر دیا جائے تو معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ ہو جائے گا -انصاف اور امن کا راج ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ساری جدوجہد کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا قیام ہے، اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم مکمل اخلاص اور جذبے سے اس مشن میں شامل ہوں۔اجتماع عام سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل وسابقہ ایم این اے عائشہ سید صاحبہ، نائب ناظمہ معلمہ شاہ گل صاحبہ،اور رابعہ فائندہ صاحبہ کے علاؤہ ضلعی قیادت نے خطاب کیا ۔ اجتماع میں اسلامی نظامِ حیات، خواتین کا کردار، گھریلو اور معاشرتی اصلاحات، اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی۔ اجتماع کا مقصد خواتین میں شعور، دینی بیداری اور اسلامی اقدار کا فروغ تھا۔مرکزی زمہ داران نے کامیاب اجتماع عام کے انعقاد پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع بونیر کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی
جماعت اسلامی تربیت کے وسیع نظام کے ساتھ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ` ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
